• Mon, 02 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جے پی لیڈران نے بجٹ کو ’وِکست بھارت‘ کا عکس قرار دیا،خوب تعریفیں کیں

Updated: February 02, 2026, 1:12 PM IST | Agency | New Delhi

کرن رجیجو نے دعویٰ کیا کہ بجٹ مکمل طور پر ترقی کے رخ پر لیجانے والا ہے،شیوراج سنگھ چوہان نے دعویٰ کیا کہ بجٹ سے کھیتوں میں ہریالی آئیگی۔

BJP workers in Patna feeding each other sweets in celebration of the budget. Picture: INN
پٹنہ میں بی جے پی کے کارکنان بجٹ کی خوشی میں ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
مرکزی بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر نِتِن نوین نے اتوار کو کہا کہ یہ بجٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں’کرتویہ بھون‘ میں تیار ہوا اور’کرتویہ پتھ‘پر چلنے والا بجٹ ہے۔ انہوں نے بجٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے تئیں حکومت کی ذمہ داری، دور اندیشی اور عوامی فلاحی سوچ کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔ نوین نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے مسلسل نویں بار بجٹ پیش کیا ہے، جو حکومت ہند کی پالیسی استحکام، انتظامی تسلسل اور بہترین حکمرانی کی مضبوط علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وِکسِت بھارت ۲۰۴۷ء کا جو خواب وزیر اعظم مودی نے ملک کے سامنے رکھا ہے، یہ بجٹ اسی ہدف کی سمت عزم سے کامیابی کی طرف ایک ٹھوس قدم ہے۔ 
راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے اتوار کو پیش کیے گئے مرکزی بجٹ۲۷۔۲۰۲۶ء  کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ نوجوانوں، خواتین، کسانوں، محروم طبقات، غریبوں اور عام آدمی کا بجٹ ہے۔  شرما نے بجٹ پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ تیز رفتار معاشی ترقی، عوام کی امیدوں اور امنگوں پر پورا اترنے اور ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کے ۳؍ بنیادی فرائض کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ نے راجستھان کو ترقی کی مرکزی دھارے میں مزید مضبوطی کے ساتھ جوڑنے کا کام کیا ہے۔
مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ بجٹ میں کوئی سیاسی بات نہیں کی گئی، یہ مکمل طور پر ترقی پر مرکوز ہے۔  رجیجو نے کہا کہ ایک وکست بھارت کیلئے  وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے جوریفارم ایکسپریس چلائی گئی ہے، اسی کی جھلک اس بجٹ میں نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بجٹ خطاب میں کسی قسم کی سیاسی بات نہیں کی گئی بلکہ یہ مکمل طور پر ترقی پر مرکوز ہے۔  انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لیے ایک بہت بڑا اعلان کیا گیا ہے اور ہم جلد ہی اقلیتی برادریوں کے ساتھ بیٹھ کر اس پر گفتگو کریں گے۔ اقلیتی امور کی وزارت کے بجٹ کے انتظامات سے ہم بہت پرجوش ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہر پہلو سے پورے ہندوستان کیلئے اچھے انتظامات کیے گئے ہیں اور خاص طور پر شمال مشرقی خطے پر بہت توجہ دی گئی ہے۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے اتوار کو پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے مالی سال ۲۷-۲۰۲۶ءکے بجٹ کی ستائش کی اور کہا کہ اس بجٹ سے کھیتوں میں ہریالی آئے گی، کھلیانوں میں خوشحالی ہوگی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’اس بجٹ میں’آتم نربھر بھارت‘ کے ہدف کے تحت گھریلو صنعتوں کو فروغ دیا گیا ہے، توانائی کے تحفظ کو مضبوط کیا گیا ہے اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔‘ اسکے ساتھ ہی روزگار کے مواقع پیدا کرنے، زرعی پیداوار میں اضافہ، عوام کی قوتِ خرید مضبوط کرنے اور تعلیم و صحت جیسی بنیادی خدمات کو آسان بنانے کیلئے اہم اصلاحات کی گئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK