Inquilab Logo

ہوٹل انڈسٹری میں آئندہ سہ ماہی مدتوں کے دوران مضبوط بحالی کی توقع

Updated: June 14, 2022, 2:02 PM IST | Agency | New Delhi

کارپوریٹ اور بین الاقوامی نوعیت کے سفر میں بہتری، ہوٹلوں کا کاروباربڑھا

After Corona, the hotel industry continues to improve.Picture:INN
کورونا کے بعد ہوٹل ا نڈسٹری مسلسل بہتری کی سمت گامزن ہے۔ تصویر: آئی این این

کورونا کے معاملات کم ہونے کے بعدشعبہ سیر وتفریح کے ساتھ  کارپوریٹ مقاصد پر مبنی  اور بین الاقوامی نوعیت کے سفر میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ سے ہوٹل انڈسٹری کی اوسط کمرہ شرح(ایوریج روم ریٹ یا اے آر آر)میں اضافہ ہوا ہے اور ہوٹل کا شعبہ آنے والی سہ ماہی مدتوں میں مضبوط بحالی کی توقع کر رہا ہے۔ ہوٹل صنعت   سے وابستہ افراد توقع کر رہے ہیں کہ اے آر آر کووڈ سے پہلے کی سطح سے بھی بہتر ہوگا۔حالیہ مہینوں میںاے آر آرمیں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ہاسپٹالٹی ویلیویشن سروسیز(ایچ وی ایس) پر نظر  رکھنے والے اداروں کے مطابق وبائی امراض کے آغاز  کے بعد پہلی بار اپریل۲۰۲۲ء میں سیر وسیاحت  نے  ملک گیر سطح پر۶۵؍ فیصد کے نشان کو چھو لیا۔اے آر آر  اپریل۲۰۱۹ء کی سطح سےاپریل ۲۰۲۲ء  میں ۴؍ فیصد بڑھ کر ۵۸۵۰؍ روپے ہو گیا۔
 ممبئی مارکیٹ لیڈر بنا 
 آئی پی ایل اور بڑی کانفرنسوں کی وجہ سے ممبئی ۸۰؍ فیصد سے زیادہ  ریکارڈ سیاحوں اور مہمانوں کی آمد کے ساتھ مارکیٹ لیڈر رہا۔ فی الحال، کارپوریٹ مانگ وبائی مرض  سے پہلے کی سطح کو چھو چکی ہے۔ عام طور پر، کارپوریٹ ڈیمانڈ گرمیوں کی نسبت سردیوں کے موسم میں ہمیشہ زیادہ ہوتی ہے۔ مہمان نوازی  کے شعبے میں آئی ایچ ، لیمن ٹری  اور ای آئی ایچ جیسے ہوٹلوںکے نیٹ ورک کی مجموعی آمدنی مالی سال ۲۰۲۲ء کی چوتھی سہ ماہی میں ۴۱؍ فیصد بڑھی ہے۔ایسی صورتحال میں ہوٹل سیکٹر سے متعلق اسٹاک میں سرمایہ کاری ایک اچھا آپشن ہوسکتا ہے۔  
ہوٹلوں کے اسٹاک میں بہتری 
 انڈین ہوٹلز کا اسٹاک۱۰؍ جون کو ۲۲۰ء۵۰؍ پر بند ہوا۔ موتی لال اوسوال فائنانشل سروسیز  نے اس اسٹاک کو۲۷۸؍ روپے کے ہدف کے ساتھ خریدنے کی صلاح دی ہے۔ یعنی یہ اسٹاک ایک سال میں۲۶؍ فیصد تک ریٹرن دے سکتا ہے۔مالی سال۲۲ء میں ہندوستانی ہوٹلوں میں جس طرح کی وصولی دیکھی گئی ہے، اسی طرح مالی سال۲۳ء اور مالی سال۲۴ءمیں بھی متوقع ہے۔ لیمن ٹری  ہوٹلز کا اسٹاک۱۰؍ جون کو۶۵ء۳۰؍ روپے پر بند ہوا تھا۔ موتی لال اسوال نے  اسے ۳۰؍ فیصد اوپر یعنی ۸۵؍ روپے  کے ٹارگیٹ کے ساتھ خریدنے کی صلاح دی ہے۔کارپوریٹ اور بین الاقوامی نوعیت کے سفر کے بہتر ہونے سے تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں اور میٹنگوں میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK