• Mon, 17 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یخ بستہ ہواؤں کا زور،ریاست بھر میں کڑاکے کی ٹھنڈ

Updated: November 17, 2025, 12:21 PM IST | Agency | Pune

محکمہ موسمیات نے پونے،احمد نگر،ناندیڑ،جلگاؤں اور ناگپور سمیت ۱۰؍اضلاع کیلئے اگلے کچھ دنوں کیلئے سرد لہر کی وارننگ جاری کی۔

These scenes of bonfires are being seen in many cities as the state experiences freezing cold. Photo: INN
ریاست میں کڑاکے کی ٹھنڈ پڑنے پر الاؤکے یہ مناظر کئی شہروں میں دیکھے جارہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
شمالی ہند سے آنے والی سرد ہواؤں کے باعث ریاست بھرمیںکڑاکے کی ٹھنڈ پڑرہی ہے۔مختلف شہروں  کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آئندہ چند دنوں کیلئے ریاست کے پونے سمیت ۱۰؍اضلاع کے لئے سرد لہر کی وارننگ جاری کی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق پیراور منگل کو کچھ علاقوں میں سردی کی لہر چلنے کا امکان ہے۔ٹی وی نائن کی رپورٹ کے مطابق سنیچر کو پونے شہر میں رات کا درجۂ حرارت۲ء۱۱؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور توقع ہے کہ پیر اور منگل تک پارہ اسی سطح پر رہے گا۔ اس کے علاوہ، شہر کے کئی حصّوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۳۰؍ ڈگری سیلسیس سے نیچے درج کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح پونے کا درجۂ حرارت ۱۰ء۶؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔ شِواجی نگر اور پاشن میں بالترتیب ۱۰ء۶؍  ڈگری سیلسیس اور۱۰ء۱؍ ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج کیا گیا۔ جلگاؤں میں سنیچر کو کو کم از کم درجۂ حرارت۸ء۰۷؍ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اوسط سے ۶؍ ڈگری سیلسیس کم ہے اور مہاراشٹر میں سب سے سرد مقام رہا۔ یہ اُن ضلعوں میں سے ایک ہے جہاں اتوار، پیر اور منگل کو کچھ علاقوں میں سردی کی لہر رہے گی۔آئی ایم ڈی کے مطابق شولاپور ضلع کے جیہور میں کم سے کم درجہ حرارت۹؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مہابلیشور، ناسک اور گوندیا میں درجہ حرارت۱۱؍ ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ریاست میں سرد لہر مضبوط ہو رہی ہے۔ ریاست کے دیگر مقامات جیسے احمد نگر، جالنہ، بیڑ، ہنگولی اور ناندیڑ میں بھی سردی بڑھنے کا اندازہ ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ریاست کے مختلف حصوں میں شدید سردی کے باوجود کوکن خطہ، بشمول ممبئی، نسبتاً گرم ہے۔
جن اضلاع کے لئے سرد لہر کی وارننگ جاری کی گئی ہے، ان میں اورنگ آباد، جالنہ، پربھنی ، بیڑ، ہنگولی اور ناندیڑ شامل ہیں۔ اورنگ آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۹؍ڈگری اور کم از کم درجہ حرارت ۱۱؍ڈگری رہنےکا اندازہ ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شمالی مہاراشٹر میں شدید سردی کا زور ہے۔ جلگاؤں، ناسک، ناسک گھاٹ، اور احمد نگر میں سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت معمول سے کافی کم ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو چار دنوں تک ناسک کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۸؍ڈگری اور کم از کم درجہ حرارت ۹؍ڈگری رہنے کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ سرد لہر اگلے دو دن تک برقرار رہ سکتی ہے۔آئی ایم ڈی کے ریکارڈ کے مطابق ودربھ میں بھی رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں کمی درج کی جارہی ہے۔ ناگپور میں کم ازکم درجہ حرارت ۱۳؍ڈگری اور زیادہ سے زیادہ ۲۸؍ڈگری رہے گا۔  گوندیا اس وقت ریاست کے سب سے سرد ترین مقامات میں شامل ہوگیا ہے جہاں درجہ حرارت۱۱؍ڈگری سیلیئس سے بھی نیچے گر گیا ہے۔ ودربھ کے زیادہ تر علاقوں میں آسمان صاف رہنے کی توقع ہے۔
شہریوں کیلئے مشورہ
اگلے چند دنوں تک مہاراشٹر میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔بالخصوص نوزائیدہ بچے، بزرگ شہری، صحت کے مسائل رکھنے والے افرادکو مشورہ ہے کہ احتیاط برتیں اور صبح سویرے یا رات دیر تک سردی میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK