وزیر اعظم مودی نے بیان جاری کیا ،فاسٹ ٹریک کورٹ کا وعدہ کیا مگر وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ پرخاموشی ، جنتر منتر پر مظاہرین کی تعداد مزید بڑھ گئی
EPAPER
Updated: July 24, 2026, 8:28 AM IST | New Delhi
وزیر اعظم مودی نے بیان جاری کیا ،فاسٹ ٹریک کورٹ کا وعدہ کیا مگر وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ پرخاموشی ، جنتر منتر پر مظاہرین کی تعداد مزید بڑھ گئی
جنتر منتر پر احتجاج کررہے ابھیجیت دپکے اور ان کی پارٹی کاکروچ جنتا پارٹی نے اپنی تحریک میں شدت لاتے ہوئے آج یعنی جمعہ کو ملک گیر احتجاجی دن منانے کا اعلان کیا ہے کیوں کہ حکومت کی جانب سے بات چیت کی کوششیں تو ہو رہی ہیں لیکن حکومت پردھان کو برخاست کرنے کے لئے تیار نہیں ہے اور نہ ہی اپنے موقف میں کوئی لچک لارہی ہے ۔ اسی درمیان وزیر اعظم مودی نے بیان جاری کیا کہ وہ احتجاج چھوڑیں ۔ وہ ملک کا سرمایہ ہیں ۔ساتھ ہی وزیر اعظم نےپیپر لیک کے ملزمین کے خلاف مقدمات کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹس قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا لیکن مظاہرین پردھان کے استعفے کے مطالبے پر اٹل ہیں۔
طلبہ کا اعلان
سی جے پی نے ملک بھر کے طلبہ، حامیوں اور سول سوسائٹی کے گروپس سے ملک کے تمام اضلاع میں پرامن مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر ’’ہر ضلع، ایک دن، ایک مانگ‘‘ نعرے کے ساتھ ایک اپیل جاری کرتے ہوئے تنظیم نے شرکاء سے مقررہ مقامات پر جمع ہونے، طلبہ کے مطالبات کو عوامی طور پر پڑھنے اور متعلقہ ضلع انتظامیہ کو میمورنڈم سونپنے کی اپیل کی ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے سی جے پی نے ایک معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی)، تشہیری مواد اور ایک ماڈل میمورنڈم جاری کیا ہے۔ اس نے مقامی کوآرڈی نیٹرس کو ضروری اجازت لینے، اسٹوڈنٹ یونینوں اور ہم خیال تنظیموں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے اور یہ یقینی بنانے کا مشورہ دیا ہے کہ مظاہرے پوری طرح سے منضبط اور پرامن رہیں۔
جنتر منتر پر طلبہ بڑھ گئے
سی جے پی کی یہ ملک گیر کال ایسے وقت میں آئی ہے جب دہلی کے جنتر منتر پر مظاہرہ جاری ہے۔ یہاں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ مظاہرین مسلسل مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکام نے جمعرات کو مظاہرہ گاہ کے آس پاس سیکوریٹی کے سخت انتظامات برقرار رکھے۔ دہلی پولیس کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات رہے، جبکہ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے مسلسل دوسرے دن ۱۶؍ میٹرو اسٹیشنوں کو بند رکھا۔
جتیندر سنگھ کا بیان
مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سرکار طلبہ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے اور بدھ سے اب تک گفتگوکیلئے چار دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا سی جے پی قیادت سے ملنے کے لئے دستیاب ہیں۔