Inquilab Logo Happiest Places to Work

مارک شیٹ پر ناموں کی ترتیب بدلنے سے طلبہ میں تشویش

Updated: May 19, 2026, 3:05 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

نئی ترتیب سے ایس ایس سی کے طلبہ کو مستقبل میں دستاویز کے معاملے میں مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

Students.Photo:INN
طالبعلم۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن نے دسویں اور بارہویں کے رزلٹ اور سرٹیفکیٹ پر طلبہ کے ناموں کی ترتیب میں تبدیلی کی ہے جس کی وجہ سے طلبہ اور سرپرستوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ تعلیمی تنظیموں نے پونے بورڈ سے طلبہ کے ناموں کی ترتیب بدلنے کے بجائے پرانی ترتیب کے مطابق رکھنے کی اپیل کی ہے ۔
یاد رہے کہ بورڈ کی ۱۲؍فروری ۲۰۲۶ء کی قرار دا د نمبر۱۴۴؍ کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہےکہ دسویں جماعت کے طلبہ کو فروری مارچ ۲۰۲۶ء کے امتحانات کی مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ مشترکہ طورپر فراہم کی جائے گی ۔ اس پر طلبہ کا نام پہلے اس کے بعد والد اور پھر سرنیم کی ترتیب ہوگی لیکن اس فیصلے سے ریاست کے لاکھوں طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ میں تضاد پیدا ہونے کا امکان ہے۔ لہٰذا طلبہ اور سرپرستوںمیں تشویش ہےکیونکہ بورڈ امتحانات کیلئے درخواست فارم بھرتے وقت، طلبہ کے نام مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے آفیشل آن لائن سسٹم میں پرانے طریقہ سے بھرا گیا ہے۔ پہلے سرنیم ، پھر طالب علم کا نام (پہلا نام) اور آخر میں والد؍سرپرست کا نام۔ ریاست کے تمام ثانوی اور اعلیٰ ثانوی اسکولوں کے جنرل رجسٹر میں اسی روایتی اور سرکاری طریقے سے طلبہ کا اندراج کیا گیا ہے۔ خاص طور پر ریاست کے اردو میڈیم سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں پہلے سرنیم، پھر طالب علم کا نام اور آخر میں والدکا نام برسوں سے رائج ہے۔ اسی بنیاد پر بورڈ کی آن لائن درخواستیں بھری جاتی ہیں۔
 
 
نئے طریقے سے کئی سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ۔مثلاًا سکول کے جنرل رجسٹر اور بورڈ کے سرٹیفکیٹ میں نام کے درمیان فرق ہو گا جس کی وجہ سے طلبہ کو مستقبل میں داخلوں، اسکالرشپ، پاسپورٹ، آدھار، مسابقتی امتحانات اور دیگر سرکاری دستاویزات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ نام کی ترتیب بدلنے سے قانونی اور انتظامی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے ۔اُردو میڈیم اسکولوں میں رجسٹریشن کے روایتی نظام سے مطابقت نہیں ہوگی۔
 
 
اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے بتایا کہ ’’ مذکورہ مسئلہ سے طلبہ اور والدین میں بڑی تشویش پائی جا رہی ہے، حالانکہ یہ تبدیلی بورڈ نے کی ہے لیکن سرپرست اسکول آکر پرنسپل اور اساتذہ سے سوالات کر رہے ہیں ۔ اسی وجہ سے ہم نے اسٹیٹ بورڈ سے اس معاملہ پر نظر ثانی کرنے ، مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ پر نام پہلے کی طرح درج کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ طلبہ اور سرپرستوں کی پریشانی دور ہوسکے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ہم نے ناسک ڈیویژنل بور ڈسے بھی اسکی شکایت کی تھی ، ناسک بورڈ نے پونے بورڈ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی تھی، جواب میں ناسک بورڈ کو رزلٹ پرنام کی ترتیب پرانے طرز پر درج کرنے کیاجازت دے دی گئی ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK