بالآخر انتظامیہ کو پرچہ ملتوی کرنا پڑا، اب یہ امتحان ۲۸؍ یا ۲۹؍ مارچ کو ہوگا جس کی اطلاع طلبہ کو دی جائے گی
EPAPER
Updated: March 27, 2026, 10:44 PM IST | Z A khan | Nanded
بالآخر انتظامیہ کو پرچہ ملتوی کرنا پڑا، اب یہ امتحان ۲۸؍ یا ۲۹؍ مارچ کو ہوگا جس کی اطلاع طلبہ کو دی جائے گی
بی ایڈ میں داخلہ کیلئے منعقد ہونے والے بی ایڈ سی ای ٹی امتحان کے دوران ناندیڑ میں سخت بدانتظامی نظر آئی جس کے خلاف طلبہ نے شدید احتجاج درج کیا۔ بالآخر انتظامیہ نے جمعہ کو ہوئے پرچے کو ملتوی قرار دیا۔ یہ امتحان اقرا ء انٹرنیشنل اسکول کیمپس میں قائم مراٹھواڑہ آن لائن ایگزام سینٹر پر لیا جا رہا تھا۔
طلبہ کے مطابق امتحان مکمل طور پر آن لائن ہونا تھا، تاہم امتحانی مرکز پر پہنچنے کے بعد معلوم ہوا سینٹر انتظامیہ نے گنجائش سے کہیں زیادہ طلبہ کو بلالیاہے، حتیٰ کہ کمپیوٹر سسٹم کم پڑ گئے۔ نتیجتاً کئی طلبہ امتحان دینے سے محروم رہ گئے۔جن طلبہ کو کمپیوٹر ملے انہیں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امتحان شروع ہونے کےکچھ ہی دیر بعد سرور ڈاؤن ہو گیا، جسکے باعث طلبہ امتحان مکمل نہ کر سکے۔ انہیں گھنٹوں کلاس روم کے باہر سرور بحال ہونے کا انتظار کرنا پڑا، مگر سرور بحال نہیں ہوا اورانہیں مایوس لوٹنا پڑا۔اس بدانتظامی کے خلاف طلبہ نےسینٹر کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کا ایک سال ضائع ہونے سے بچانے کیلئے جلد از جلد دوبارہ امتحان لیا جائے۔ سا تھ ہی ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔طلبہ نے بتایا کہ وہ دور دراز علاقوں سے بڑی امید کے ساتھ امتحان دینے آئے تھے، لیکن ناقص انتظامات نے ان کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ اس موقع پر طلبہ کے سرپرستوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے انتظامیہ کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کی۔
اس احتجاج کے بعد مہاراشٹر اسٹیٹ کامن انٹرنس ٹیسٹ سیل نے اعلامیہ جاری کیا کہ بی ایڈ سی ای ٹی کے تحت ۲۷؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو ناندیڑ کے مراٹھواڑہ آن لائن ایگزام سینٹر میں منعقد ہونے والا صبح کا امتحانی سیشن تکنیکی خرابی کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق یہ امتحان مراٹھواڑہ آن لائن ایگزام سینٹر، گلزار ایجو کیشن سوسائٹی کے اقراء انٹرنیشنل اسکول ، حیدرآباد بائی پاس روڈ، ناندیڑ میں منعقد ہونا تھا، جہاں تقریباً ۴۳۰؍ امیدواروں کو امتحان میں شرکت کرنی تھی۔ تاہم اچانک پیش آئی تکنیکی مشکلات کے سبب امتحان کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔سی ای ٹی سیل نے واضح کیا ہے کہ ملتوی شدہ امتحان اب ۲۸؍ یا ۲۹؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو لیا جائے گا۔ امتحان کی درست تاریخ اور نیا ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے سے متعلق معلومات امیدواروں کو ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ اس پورے معاملے پر اقرا انٹرنیشنل انگلش اسکول اینڈ جونیئر کالج پرنسپل فرحانہ تبسم نے بلاک ایجوکیشن آفیسر، پنچایت سمیتی ناندیڑ کو باضابطہ مکتوب ارسال کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں بی ایڈ سی ای ٹی امتحان کے شیڈول، امیدواروں کی تعداد اور انتظامات کے بارے میں پیشگی کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ذمہ داری صرف اسکول اور جونیئر کالج کے تعلیمی امور تک محدود ہے، جبکہ مقابلہ جاتی امتحانات کا شعبہ ان کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں ہے۔آئندہ ایسی بد انتظامی سے بچنے کیلئے امتحان کی پیشگی اطلاع دی جائے۔