شہری انتظامیہ ، گرودوارہ لنگرصاحب اور ورکش مترفاؤنڈیشن کے تعاون سے مہم کو عوامی حمایت۔ ایم ایل سی امر راجورکر کا۱۰؍ لاکھ روپے فنڈ کا اعلان ۔
’ہریت ناندیڑ‘ کے تحت شجرکاری مہم کا منظر۔ تصویر: آئی این این
ناندیڑ-واگھالا میونسپل کارپوریشن، گردوارہ لنگر صاحب اور ورکش متر فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاری ’ہریت ناندیڑ‘ مہم کو شہر میں زبردست عوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ اسی سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے ریجنل آفس نمبر۳، شیواجی نگر کی جانب سے۲؍ اگست کو پاوڈے واڑی ناکہ سے چھترپتی چوک تک مرکزی سڑک پر ٹری گارڈز کے ساتھ۱۵۰؍ بڑے درخت لگائے گئے۔اس شجرکاری مہم میں عوامی نمائندوں، میونسپل انتظامیہ، ورکش متر فاؤنڈیشن، مختلف سماجی تنظیموں، این سی سی کے طلبہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی جسے ماحولیات کے تحفظ کی سمت ایک اہم اور موثر قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر میئر کویتا سنتوش مولے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار دوئیفوڑے، ڈپٹی میئر دیپک سنگھ راوت، قانون ساز کونسل کے رکن امر راجورکر، سابق چیئرمین کشور سوامی، سابق میئر شیلا کشور بھورے، کارپوریٹر ستیش دیشمکھ، ابھیشیک سودے، راجیش ینم، ملند دیشمکھ، امرتا بجرنگ سنگھ ٹھاکر اور ستیہ پال ساونت سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔
پروگرام کے آغاز میں چیف گارڈن سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مرزا فرحت اللہ بیگ نے مہم کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں۱۰؍ ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ میئر کویتا سنتوش مولے نے ’عالمی یومِ دوستی‘ کے موقع پر شہریوں کو ’درختوں سے دوستی کریں‘ کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صرف درخت لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی نگہداشت اور تحفظ بھی ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار دوئیفوڑے نے بتایا کہ اس وقت ناندیڑ شہر میں تقریباً ۳؍لاکھ ۱۷؍ ہزار درخت موجود ہیں اور شہر کا گرین کور۸ء۵؍ فیصد ہے۔ ورکش متر فاؤنڈیشن کے صدر سنتوش مگٹکر نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب کے دوران قانون ساز کونسل کے رکن امر راجورکر نے ’ہریت ناندیڑ‘ مہم کی بھرپور ستائش کرکی اوراپنے ایم ایل اے لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ سے۱۰؍ لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر نلیش سنکیوار، گریش کدم، ڈپٹی کمشنر گنگادھر ارلوڈ، ابھیجیت وائیکوس، مختلف عوامی نمائندے، افسران، ورکش متر فاؤنڈیشن کے عہدیداران، روٹری کلب کے نمائندے اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔