پارہ اور آرسینک کی مقدار مقررہ حد سے ہزاروں گنا زیادہ،۴؍ ماہ قبل ۴۰؍ لاکھ کی مالیت کی مصنوعات ضبط کی گئی تھیں۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 9:56 AM IST | Z. A. Khan | Nanded
پارہ اور آرسینک کی مقدار مقررہ حد سے ہزاروں گنا زیادہ،۴؍ ماہ قبل ۴۰؍ لاکھ کی مالیت کی مصنوعات ضبط کی گئی تھیں۔
یہاں ضبط کئے گئے پاکستانی ساختہ جعلی کاسمیٹک کی مصنوعات میں انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک زہریلے مادّوں کی موجودگی کا انکشاف سرکاری لیبارٹری کی رپورٹ میں ہوا ہے ۔۴؍ ماہ قبل شہر کے اتوارہ علاقے میں پولیس اور محکمہ خوراک و ادویات کی مشترکہ کارروائی میں تقریباً۴۰؍ لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا تھا ۔ اب سرکاری لیبارٹری کی جانچ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ان کاسمیٹک مصنوعات میں زہریلے عناصر کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جس سے شہر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ناندیڑ شہر کے برکی چوک میں واقع ’افرا کلیکشن‘ نامی دکان میں پاکستانی ساختہ کاسمیٹک کی فروخت کیے جانے کی اطلاع پولیس کو ملی تھی۔ اس اطلاع کی بنیاد پر۹؍ جولائی کو اتوارہ پولیس اور محکمہ خوراک و ادویات کی ٹیم نے افرا کلیکشن کے گودام پر چھاپہ مارا۔قابل ذکر ہے کہ دکان کا مالک محمد ضیاء الدین محمد واجد مبینہ طور پر ’افرا ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ کی آڑ میں یہ غیر قانونی کاروبار چلا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ’میڈ اِن پاکستان‘ کے لیبل والے مختلف برانڈز کے جعلی کاسمیٹکس ضبط کئے۔ ان مصنوعات کا استعمال چہرے کو گورا کرنے کیلئے کیا جاتا تھا۔پولیس نے اس کارروائی میں مجموعی طور پر۳۹؍لاکھ ۶۹؍ ہزار۹۴۰؍ روپے مالیت کے جعلی کاسمیٹکس ضبط کئے ۔ اس معاملے میں اتوارہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرنے کے بعد ضبط شدہ مصنوعات کے نمونے حاصل کرکے جانچ کیلئے محکمہ خوراک و ادویات کی سرکاری تجزیاتی لیبارٹری میں بھیجےگئے تھے۔کئی ماہ بعد اب ان کاسمیٹک مصنوعات کے نمونوں کی سرکاری تجزیاتی رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں ایک انتہائی تشویشناک حقیقت سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان مصنوعات میں انسانی جسم کے لیے نہایت مضر زہریلی دھاتوں پارہ اور آرسینک کی مقدار مقررہ حد سے ہزاروں گنا زیادہ پائی گئی ہے۔اس انکشاف نے جعلی کاسمیٹکس کی خرید و فروخت اور ان کے استعمال سے انسانی صحت کو لاحق سنگین خطرات پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔