ساحل کاتعلق مالی طور پر پسماندہ خاندان سے ہے لیکن بچپن سے پڑھ لکھ کر کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے کی خواہش رہی۔
EPAPER
Updated: March 09, 2026, 1:26 PM IST | Saadat Khan | Jogeshwari
ساحل کاتعلق مالی طور پر پسماندہ خاندان سے ہے لیکن بچپن سے پڑھ لکھ کر کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے کی خواہش رہی۔
جوگیشوری (سعادت خان): مدنی اُردو ہائی اسکول جوگیشوری کے ۲۲؍ سالہ طالب علم ساحل منصوری نے اپنی مستقل مزاجی، انتھک محنت اور خوداعتمادی سے کمپنی سیکریٹری (سی ایس )کے مشکل ترین امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ فی الحال وہ پووائی کی آئی آر بی انفرسٹریکچر ڈیولپرس لمٹیڈ نامی کمپنی میں سی ایس کے عہدہ پر فائز ہونے کیلئے ضروری ۲۱؍ مہینوں کی آرٹیکل شپ (ٹریننگ) حاصل کر رہے ہیں ۔ سبھاش نگر، جوگیشوری (مشرق) کے ساحل منصوری نے ۲۰۱۹ء میں مدنی اُردوہائی اسکول سے ۷۸؍ فیصد مارکس سے ایس ایس سی امتحان پاس کر کے گوریگائوں کے وویک کالج میں کامرس فیکلٹی میں داخلہ لیاتھا۔ ۲۰۲۱ء میں ۸۲؍ فیصد نمبرات سے بارہویں جماعت میں کامیابی حاصل کرنے کےساتھ کمپنی سیکریٹری کی پڑھائی کیلئے انٹرنس ٹیسٹ دیا۔ انٹرنس ٹیسٹ میں پاس ہوکراپنی کامرس کی پڑھائی کے علاو ہ دن رات محنت کر کے کمپنی سیکریٹری کی پڑھائی بھی جاری رکھی۔ ۲۰۲۲ء میں سی ایس ایگزیکٹیو لیول کا مشکل ترین امتحان دیا اور پہلی ہی بار میں کامیاب ہوئے۔ ۲۰۲۴ء میں بی کام کافائنل ایئرکلیئر کیا۔
یہ بھی پڑھئے: جنگ کے اثر سے کیلے اور انگور سستے، سیب مہنگا
سی ایس ایگزیکٹیو لیول امتحان پاس ہوکر ٹریننگ کیلئے مذکورہ کمپنی جوائن کی۔ ٹریننگ کے ساتھ سی ایس کا فائنل امتحان دینے کا فیصلہ کیالیکن ٹریننگ کے ساتھ فائنل امتحان کی تیاری کرنا مشکل تھا جس کی وجہ سے پوری کوشش کے باوجود فائنل امتحان میں ۲؍ مرتبہ ناکام رہے۔ بعدازیں انہوں نےپوری توجہ سے پڑھائی کرنے کیلئے کمپنی سے ۲؍ مہینے کی چھٹی لی۔ اس دوران پوری یکسوئی سے سخت محنت کے ساتھ پڑھائی کی۔ دسمبر ۲۰۲۵ء میں تیسری مرتبہ سی ایس کافائنل امتحان دیا۔ مسلسل محنت، نظم و ضبط اور خود پر یقین کے ساتھ فائنل امتحان دیا۔ اس بار ان کی محنت رنگ لائی۔ ۶؍فروری ۲۰۲۶ءکو جاری ہونے والے رزلٹ میں کامیابی ملی۔
ساحل کاتعلق مالی طور پر پسماندہ خاندان سے ہے لیکن بچپن سے پڑھ لکھ کر کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے کی خواہش رہی۔ سی ایس میں ملنے والی نمایاں کامیابی کے تعلق سے ساحل نے کہاکہ’’ کامیابی کیلئے ہمیں اپناہدف طے کرنا چاہئے۔ اپنے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کرنی چاہئے۔ میں نےاسکول کے دور میں کمپنی سیکریٹری بننے کافیصلہ کیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کاشکر ہےکہ مجھے اپنے مقصدمیں کامیابی ملی۔ ‘‘
اُردومیڈیم سے پڑھائی کر کےکمپنی سیکریٹری بننے کاسفرکیسا رہا ؟اس سوال کےجواب میں ساحل نے کہا کہ ’’مجھے فخر ہےکہ میں نے اُردومیڈیم سے پڑھائی کی ہے۔ مجھے کبھی احساس نہیں ہواکہ اُردومیڈیم سے پڑھائی کرنے کی وجہ سے کسی طرح کی دقت آئی ہو۔ ‘‘