Inquilab Logo

ٹریفک پولیس کی کامیابی، سال گزشتہ سڑک حادثات میں کمی واقع ہوئی

Updated: November 26, 2020, 7:49 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

سال ۲۰۱۸ء کے مقابلہ ۲۰۱۹ء میں حادثات ۳؍ فیصد کم ہوئے جس کے نتیجے میں اموات بھی کم ہوئیں،ٹریفک پولیس کا حادثات کو مزید کم کرنے کا عزم

Road Accident - Pic : INN
سڑک حادثۃ ۔ تصویر : آئی این این

ممبئی ٹریفک پولیس نے عالمی سطح پر سڑک حادثات کی وجوہات جاننے ،خامیوں کو تلاش کرنے اور ان کا سدباب تلاش کرنے والی ایجنسی سے ممبئی  اور مہاراشٹر میں ہونے والے سڑکوں حادثوں کا سروے کرایا تھا ۔ بلوم برگ پھلنتھروپیس جو عالمی سطح پر سڑک حادثات پر قابو پانے سے متعلق گائیڈ لائن ترتیب دیتی  ہے ، اس تنظیم نے ممبئی  میں گزشتہ ۵؍ برسوں کے درمیان ہونے والے سڑک حادثوں کا جائزہ لیا  ہے اور حادثوں کی وجہ اور حفاظتی اقدامات کے تحت  کئے جانے والے مثبت فیصلوں کی نشاندہی بھی کی ہے۔
 ممبئی ٹریفک پولیس اور مذکورہ بالا ایجنسی کی ترتیب کردہ رپورٹ اور حادثوں سے بچنے کے لئے اٹھائے گئے مثبت قدم سے گزشتہ سال سڑک حادثوں  اور ان کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں  میں کمی آئی ہے۔ مذکورہ بالا ایجنسی سے وابستہ اور ممبئی میں ہونے والے حادثات و اموات سے متعلق رپورٹ ترتیب دینے والی ڈاکٹر سارہ وائٹ ہیڈ اور پبلک ہیلتھ اینڈ پریوینٹیو میڈیسن کی کنسلٹنٹ وہیٹل اسٹریٹیجس کے مطابق ۲۰۱۵ء سے ۲۰۱۹ء کے درمیان کئے گئے سروے سے پتہ چلاہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں سڑک حادثوں اور ان میں ہونے والی اموات دونوں میں کمی آئی ہے ۔ممبئی میں ۲۰۱۹ء میں ہونےوالے سڑک حادثوںمیں صرف ۴۴۷؍ افراد جاں بحق ہوئے۔ ۲۰۱۸ء   کے مقابلہ ۲۰۱۹ء میں ہونے والے حادثوں میں ۳؍ فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔
  ترتیب کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ہونے والے حادثوں میں فوت ہونےوالوں میں  نوجوانوں کی تعداد زیادہ تھی ۔ مرنے والوں  میں ۲۰؍ سے ۲۴؍ سال کی عمر کے نوجوان شامل ہیں ۔ ممبئی میں لاپروائی سے گاڑی چلانے کے نتیجہ میں  ہونے والے حادثات گھاٹکوپر ماہول روڈ ، بالا صاحب ٹھاکرے فلائی اوور ، امر محل گودریج جنکشن پر ہوئے ہیں ۔
 اس ضمن میں ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر یشسوی یادو کا کہنا تھا کہ ’’ رپورٹ میں جیسے کہ سڑک حادثات اور اموات میں کمی واقع ہونے کی اطلاع دی گئی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی حادثات میں مرنے والوں میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہونے کا پتہ چلا ہے اور اس کاسبب لاپروائی سے گاڑی چلانا ہوتا ہے ۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ ہم الگ الگ مہم کے ذریعہ لوگوں میں خصوصی طور پر نوجوانوں میں تیز رفتار اور لاپروائی سے گاڑی چلانے کی ضد کو ختم کر سکیں ۔ ‘‘ انہوںنے کہا کہ ہم یہ ہرگز نہیں کہتے کہ ہم حادثات پر یا اموات پر مکمل طور پر قابو پالیں گے لیکن ہم اسے کم کرنے کی کوشش ضرور کرسکتے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK