• Fri, 31 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خاتون ڈاکٹر کی خودکشی: بیڑ میں احتجاج ، ایس آئی ٹی جانچ کا مطالبہ

Updated: October 30, 2025, 11:15 PM IST | Beed

گائوں کے باشندوں نے پانی کی ٹنکی پر چڑھ کر مظاہرہ کیا، چھلانگ لگا کر خود کشی کی کوشش مگر سشما اندھارے کے سمجھانے پرا رادہ تبدیل

Sushma Andhare met the victim`s family
سشما اندھارے نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی

ستارا ضلع کے پلٹن تعلقہ میں گزشتہ ہفتے ایک خاتون ڈاکٹر کی خودکشی نے پوری ریاست میں ہلچل مچادی ہے ۔ لوگ اس ؒخاتون کی موت کی اصل وجہ معلوم کرنا چاہتے ہیں۔  ڈاکٹر کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ اس نے خود کشی نہیں کی بلکہ اس کا قتل ہوا ہے۔ بیڑ میں واقع اس کے گائوں میں بھی عام طور پر یہی تاثر ہے۔  جمعرات کو اسی معاملے پر بیڑ کے وڈوانی گائوں کے باشندوں نے احتجاج کیا اوراس معاملے کی  ایس آئی ٹی (خصوصی تحقیقاتی ٹیم) کے ذریعہ جانچ  کروانے کا مطالبہ کیا ۔ 
 ا س احتجاج میں خاتون ڈاکٹر کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔ احتجاج کرنے والے  بعض  گاؤں والے پانی کی ٹنکی پر چڑھ گئے ۔انہوں  نے غم و غصے کا اظہار کیا اور خاطیوں کو موت کی وزا دینے کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ خاتون کو تعلق بنجاری سماج سے تھا۔اس لئے اس معاملے کو ذات پات کے پس منظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔  ٹنکی پر چڑھے ہوئے کچھ مظاہرین نے اوپر سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی تو کچھ  اپنے جسم پر پیٹرول چھڑک لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو وہ اپنی جان دیدیں گے۔ 
 ایک مشتعل خاتون نے کہا’’ہماری بیٹی چلی گئی، لیکن انتظامیہ جاگ نہیں رہاہے، ہمیں انصاف نہیں مل رہا۔‘‘ تاہم، دیگر مظاہرین اور گاؤں والوں نے بروقت ان لوگوں کو روک لیا۔اسی دوران شِو سینا (ادھو) کی خاتون لیڈر سشما اندھارے متاثرہ خاندان سے ملاقات کیلئے وڈوانی پہنچی تھیں۔ انہوں نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے گفت و شنید کی اور انہیں سمجھاتے ہوئےنیچےاترنےکی اپیل کی۔
 سشما اندھارے نے مظاہرین سے کہا ’’اس وقت آپ کے گاؤں میں دکھ کا ماحول  ہے، ہمیں اپنے ہی لوگوں کو اذیت نہیں دینی چاہئے۔ جنہوں نے آپ کو تکلیف دی ہے، ان سے بدلہ لینے کا وقت آئے گا۔ اگر جانچ میں سوسائیڈ نوٹ میں درج نام شامل نہیں کئے گئے، تو ہم ۳؍ نومبر کو پلٹن جائیں گے اور وہاں آواز اٹھائیں گے۔ ابھی آپ اپنی بڑی بہن کی بات مان کر نیچے اتر جائیے۔ ‘‘ان کی اپیل کے بعد مظاہرین پرامن طور پر نیچے اتر آئے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کانگریس کے ہرش وردھن سپکال بھی خاتون ڈاکٹر کے اہل خانہ سے ملاقات کے لئے وڈوانی کا دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کی راہل گاندھی سے فون پر بات بھی کروائی تھی۔ 
  اس دوران اطلاع ملی ہے کہ ستارا پولیس نے ملزم سب انسپکٹر گوپال بدنے کا موبائل فون بر آمد کر لیا ہے جسے اس نے کہیں چھپا رکھا تھا۔ اب اس فون کی جانچ کے بعد کئی اور ثبوت سامنے آ سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ فون ریکارڈ کے مطابق گوپال بدنے جنوری تا مارچ خاتون ڈاکٹر کے رابطے میں تھا اس کے بعد دونوں میں بات نہیں ہوئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK