Inquilab Logo

سمیر وانکھیڈے معاملے میں پولیس کمشنر اور ڈی جی پی کو سمن

Updated: January 10, 2022, 11:06 AM IST | Mumbai

نیشنل شیڈولڈ کاسٹ کمیشن کا ۳۱؍جنوری کو حاضر ہونے کا حکم ،نواب ملک کے ذریعہ ہراساں کئے جانے کا الزام

Sameer Wankhede. Picture:INN
سمیر وانکھیڈے۔ تصویر: آئی این این

 ممبئی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کی ذات کے سرٹیفکیٹ اور وزیر نواب ملک کے ذریعہ ہراساں کئے جانے کے معاملہ میں نیشنل شیڈول کاسٹ کمیشن نے مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ( ڈی جی پی ) سنجے پانڈے اور ممبئی پولیس کمشنر ہیمنت نگرالےکو سمن جاری کیا ہے ۔ جاری کردہ سمن کے مطابق دونوں افسران کو ۳۱؍ جنوری کو کمیشن کے روبرو حاضر ہو کر اپنا بیان درج کرانا ہے ۔  کمیشن نے مذکورہ بالا سمن اس وقت جاری کیا جب سمیر وانکھیڈے نے نواب ملک پر ہراساں کرنے جانے کا الزام لگاتے ہوئے اس ضمن میں ممبئی پولیس کمشنر اور مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سے رپورٹ حاصل کرنے کی اپیل کی تھی ۔یاد رہے کہ سمیر وانکھیڈے کے ذریعہ ہفتہ وصول کرنے کے معاملہ میں درج کردہ شکایت پر ممبئی پولیس بھی تفتیش کررہی ہے ۔ ممبئی پولیس کمشنر نےکمیشن کے ذریعہ سمن جاری کئے جانے کی تصدیق بھی کی ہے اور یہ بھی کہا کہ کمیشن نے تفتیش میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی ہے ۔یاد رہے کہ ممبئی اور مہاراشٹر پولیس کی مختلف ٹیمیں سمیر وانکھیڈے معاملہ پر تفتیش کررہی ہیں اور اس سلسلہ میں ایجنسیوں نے نہ صرف سمیر وانکھیڈے اور نواب ملک کا بیان درج کیا ہے بلکہ مذکورہ بالا کیس سے وابستہ دیگر افراد کے بھی بیانات درج کئے ہیں۔ یاد رہے کہ کروڈیلیا کروز پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی چھاپہ مار کارروائی اور منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے جرم میں شاہ رخ کے بیٹے آرین کی گرفتاری کے بعد نواب ملک نے سمیر وانکھیڈے پر کئی الزامات عائد کئے تھے ۔ اس پر سمیر وانکھیڈے اور ان کے اہل خانہ نے نہ صرف کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا بلکہ آفیسر نے نیشنل شیڈول کاسٹ کمیشن میں بھی وزیر کے خلاف شکایت کی تھی ۔وہیں کمشنر اور ڈی جی پی مہاراشٹر کو بھیجے گئے سمن سے متعلق جواب دینے کے سلسلہ میں ایک آئی پی ایس افسر نے قانونی ماہرین سے صلاح و مشورہ کے بعد ہی کوئی قدم اٹھانے کی اطلاع دی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK