پیر کو این سی پی (شردپوار) نے پہلی فہرست میں ۷؍امیدوار،سماجوادی پارٹی نے تیسری فہرست میں ۱۰؍اورایم آئی ایم نے ۹؍ امیدواروں کااعلان کیا۔
پراگ شاہ ،راکھی جادھوکا استقبال کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این
اپنے امیدوار ناراض ہوکر دوسری پارٹیوں میں نہ شامل ہو جائیں یا باغی نہ ہو جائیں اسی ڈر سے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی تاریخ سے ایک دن قبل تک سیاسی پارٹیوںنے اپنے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہیں کی ہے۔ پیر کو این سی پی (شرد) کی جانب سے بی ایم سی الیکشن کیلئے محض۷؍ امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کی گئی۔ اسی طرح کانگریس نے ۸۷؍ امیدواروںکی فہرست جاری کی ہے۔ واضح رہے کہ بی ایم سی کے انتخابات میں این سی پی(شردپوار) نے کانگریس اور ونچت بہوجن اگھاڑی ( وی بی اے) کے اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حالانکہ خبر لکھے جانے تک یہ واضح نہیں ہوا تھا کہ این سی پی( شرد) کے حصہ میں کتنی سیٹیں آئیں گی۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کو کانگریس نے ۶۲؍ سیٹیں دینے کا اعلان کیا تھا۔کسی اتحاد کے بغیر اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑنے کو تیار سماجوادی پارٹی نے اپنے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں ۲۹؍ دسمبر کو اپنے امیدوار وں کی تیسری فہرست جاری کی ہے۔ اس لسٹ میں ۱۰؍ نام شامل ہیں۔
این سی پی (شرد پوار) کی ممبئی صدر بی جے پی میںشامل
ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے امیدواروں کی فہرست کے اعلان سے پہلے ہی این سی پی (شرد) کے دھڑے کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ این سی پی کی ایک سینئر خاتون لیڈر این سی پی ( شردپوار) ممبئی کی صدر راکھی جادھو نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ کے ایک روز قبل ہی پارٹی کو چھوڑ دیا ہے اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ راکھی جادھو سیٹوں کی تقسیم سے ناخوش تھیں۔ وہ بی جے پی لیڈر پراگ شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوئیں۔ پارٹی میں ان کے داخلے سے ممبئی میں بی جے پی کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔دریں اثنا، شیو سینا ٹھاکرے خیمے اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد پوار کے دھڑے نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے اتحاد کیا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد پوار کے دھڑے کو صرف ۷؍سیٹیں ملی ہیں۔ اس کی وجہ سے این سی پی لیڈر راکھی جادھو ناراض ہوگئیںاوربی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
ایم آئی ایم کی ممبئی کی تیسری لسٹ جاری
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم ) کی جانب سے پیر کو ممبئی کے امیدواروں کی تیسری لسٹ جاری کی گئی ۔ اس لسٹ میں ۹؍ امیدواروں کے نام جاری کئے گئے ہیں۔اس لسٹ کو ملا کر اب تک ایم آئی ایم کی جانب سے کل ۲۷؍ امیدواروں کے نام ظاہر کئے جاچکے ہیں۔