Inquilab Logo Happiest Places to Work

شرد پوار کی شندے سے ملاقات کا سپریہ سلے کی جانب سے دفاع

Updated: July 11, 2026, 12:05 PM IST | Agency | Mumbai

این سی پی لیڈر نے سنجے رائوت کو یاد دلایا کہ جب اجیت پوارمہایوتی میں شامل ہوئے تھے تو ادھو ٹھاکرے نے ان سے مل کر مبارکباد دی تھی ۔

Is There Any Malice Within The Maha Vikas Aghadi? .Photo:INN
کیا مہا وکاس اگھاڑی کے اندر کوئی بدظنی ہے ؟- تصویر:آئی این این
 ایک روز قبل  شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے معمر لیڈر اور این سی پی کے بانی شرد پوار پر اسلئے تنقید کی تھی کہ انہوں نے حال ہی میں ودھان بھون جا کر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی تھی۔ سنجے رائوت کے علاوہ کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوان نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ این سی پی (شرد) کے کچھ اراکین پارلیمان خوش نہیں ہیں اور وہ این ڈی اے میں جانے کیلئے پر تول رہے ہیں۔ اب  شرد پوار کی بیٹی اور این سی پی (شرد) کی کارگزار صدر سپریہ سلے نے ان دونوں باتوں کا جواب دیا ہے۔ 
 
 
سپریہ سلے نے کہا’’ شرد پوار ایکناتھ شندے کے دفتر گئے، یہ واقعہ سب کو معلوم ہے۔ میں نے کل راؤت کو بتایا کہ اس ملاقات کا پس منظر کیا تھا۔ شاید ان کے ذہن میں کوئی غلط فہمی تھی۔‘‘ انہوں نے یاد دلایا’’جب اجیت دادا این ڈی اے میں شامل ہوئے تھے تو ادھو ٹھاکرے اور ان کی ٹیم نے ۱۷؍ ویںدن دادا سے ملاقات کی، یہ ایک حقیقت ہے۔ میں نے اس کا مطلب یہ لیا کہ ادھو جی جب وزیر اعلیٰ تھے تو دادا نائب وزیر اعلیٰ تھے، اسلئے ادھو جی انہیں ( این ڈی اے میں نائب وزیر اعلیٰ بننے پر) مبارکباد دینے گئے ہوں گے۔‘‘ سپریہ سلے کا کہنا ہے کہ’’ میں نے اس کا غلط مطلب نہیں لیااور بات سمجھنے کی کوشش کی۔  ہماری نظر میں دادا کا قدم غلط تھا  لیکن ایک مضبوط جمہوریت میں آپس میں گفتگو ہوتی رہنی چاہئے۔‘‘
کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان نے حال ہی میں کہا تھا کہ این سی پی کے کچھ  اراکین پارلیمان ناخوش ہیں اور  این ڈی اے کے رابطے میں ہیں۔ اس پر سپریہ سلے نے اس کا جواب دیا کہ ’’پرتھوی راج بابا ریوتی( سپریہ سلے کی بیٹی) کی شادی میں آئے تھے ۔ اس وقت ان کی اور میری ملاقات ہوئی تھی۔ ہو سکتا ہے کہ وہ اراکین پارلیمان سے بھی ملے ہوںلیکن میں نہیں جانتی کہ وہ ہمارے کن اراکین پارلیمان کی بات کر رہے ہیں جو ناخوش ہیں۔‘‘ سپریہ سلے نے کہا’’ ہم آٹھوں( اراکین پارلیمان) ہمیشہ ساتھ رہتے ہیں اور ہر روز ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں۔ اسلئے مجھے نہیں معلوم کہ وہ کس سے ملے۔ پھر بھی، اگر انہیں ہماری پارٹی کےاراکین کے تعلق سے کچھ معلوم ہے تو ان سے اس تعلق سے پوچھنا  میری ذمہ داری ہے۔‘‘سپریہ سلے نے کہا’’ ہماری پارٹی میں کوئی ناراض نہیں ہے۔ اگر کوئی ناراض بھی ہے تو وہ باہر جا کر اس طرح کچھ نہیں کہیں گے۔
 
 
کہا جا رہا ہے کہ بہت جلد سپریہ سلے این ڈی اے میں شامل ہوں گی اور مرکزی وزیر بنائی جائیں گی۔ اس تعلق سے سپریہ سلے نے کہا’’ میری حلف برداری کی تقریب گزشتہ ۱۲؍ سال سال سے چل رہی ہے ۔ حالانکہ اس تعلق سے نہ ہم نے کسی سے بات کی ہے اور نہ کسی نے ہم سے پوچھا ہے۔‘‘ دونوں این سی پی کے ایک ہوجانے کے سوال پر سپریہ سلے نے کہا ’’اس وقت دونوں این سی پی کے ایک ساتھ آنے کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK