بیشترسی سی ٹی وی کیمرے بند ہونے سے عمارت کی حفاظتی نگرانی پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 14, 2026, 11:24 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بیشترسی سی ٹی وی کیمرے بند ہونے سے عمارت کی حفاظتی نگرانی پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔
میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی خستہ حالی نے عمارت کی حفاظتی نگرانی پر سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ بیشتر کیمرے بند پڑے ہیں جبکہ پرانے کیمروں سے واضح تصاویر بھی حاصل نہیں ہو رہی ہیں۔ ایسے میں ہیڈکوارٹر کے اندر ہونے والے واقعات کی ریکارڈنگ اور ضرورت کے وقت ثبوت حاصل کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ کیمروں کی دیکھ بھال اور مرمت کا ٹھیکہ ختم ہوئے بھی تقریباً ۶؍ ماہ گزر چکے ہیں، لیکن نگرانی کا نظام اب تک پوری طرح فعال نہیں ہو سکا ہے۔ میونسپل ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی ہیڈکوارٹر عمارت ۲۰۱۲ءمیں شروع ہوئی تھی اور اسی وقت وہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے۔ طویل عرصے تک استعمال اور مناسب دیکھ بھال کے فقدان کے باعث متعدد کیمرے خراب ہو گئے۔ بعض کیمروں کی تصاویر دھندلی ہیں جبکہ کچھ کی ریکارڈنگ ڈی وی آر میں محفوظ نہیں ہو پا رہی ہے۔ اس طرح کیمروں کی موجودگی کے باوجود عمارت کے مختلف حصوں کی مؤثر نگرانی نہیں ہو پا رہی ہے۔
ہیڈکوارٹر میں سیاسی اختلافات اور تنازعات کے دوران جھگڑوں اور مارپیٹ کے واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں۔ ایسے معاملات میں سی سی ٹی وی فوٹیج واقعات کی حقیقت معلوم کرنے اور متعلقہ ثبوت جمع کرنے میں اہم ثابت ہو سکتی ہے، لیکن کیمروں کے بند ہونے سے یہ مقصد متاثر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جنتر منتر کو ’’ڈی نوٹیفائی‘‘ کرنے کیخلاف عرضیوں پرکل سپریم کورٹ میں سماعت
اس صورت حال میں یہ سوال بھی اہم ہے کہ میونسپل کارپوریشن جیسی اہم انتظامی عمارت میں حفاظتی نگرانی کے نظام کو فعال رکھنے کے لئے بروقت اقدامات کیوں نہیں کئے گئے۔
برقی شعبہ کے پاس بھی مکمل تفصیلات نہیں
کیمروں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری برقی شعبہ کے پاس بتائی جاتی ہے۔ تاہم ہیڈکوارٹر میں مجموعی طور پر کتنے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور ان میں سے کتنے فعال یا خراب ہیں، اس کی واضح تفصیلات بھی دستیاب نہیں ہو سکیں۔ اس سلسلے میں محکمۂ برقیات کے ڈپٹی انجینئر واگھمارے سے رابطہ کیا گیا، لیکن وہ بھی مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کر سکے۔ اس سے نگرانی کے نظام کی دیکھ بھال اور اس کی موجودہ صورت حال کے ریکارڈ پر سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ جدید کیمرے نصب کرنے کی تیاری میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میونسپل کمشنر (ہیڈکوارٹر) وکرم دراڈے کے مطابق، ۲۰۱۲ءمیں نصب کئے گئے کیمرے پرانی ٹیکنالوجی کے ہیں اور طویل استعمال کے باعث ان کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔ ہیڈکوارٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے انتظامی سطح پر اس کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم، نئے کیمرے کب تک نصب ہوں گے اور اس وقت تک موجودہ حفاظتی نگرانی کو مؤثر بنانے کے لئے کیا اقدامات کئے جائیں گے، اس بارے میں وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔