Inquilab Logo

کووِڈ۱۹؍ کے دوران صفائی ملازمین کو روزانہ ۳۰۰؍ روپے محنتانہ دیا جائے

Updated: May 29, 2020, 10:17 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

صفائی ملازمین کی سلامتی کے متعلق داخل کردہ عرضداشت پر بامبے ہائیکورٹ کا نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کو حکم

NMMC - Pic : midday
این ایم ایم سی ۔ تصویر : مڈ ڈے

بامبے ہائی کورٹ میں نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے صفائی کرمچاریوں کوماسک اور اچھی کوالیٹی کے دستانے فراہم نہ کرنے اور باقاعدہ الاؤنس نہ دیئے جانے کے خلاف عرضداشت داخل کی گئی تھی ۔ اس پر شنوائی کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے صفائی کرمچاریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انہیں روزانہ محنتانہ دینے کا حکم دیا ہے ۔ سماج سمتا کامگر سنگھ نے ہائی کورٹ میں داخل کردہ عرضداشت کےذریعہ  جسٹس ایس جے کاتھا والا کوبتایا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باوجود نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ۶؍ ہزار ۲۷۷؍ صفائی کرمچاری اپنی جان پر کھیل کر باقاعدہ خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن ان کی حفاظت کے تعلق سے انتظامیہ نے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ہے ۔کورٹ کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صفائی ملازمین کو نہ تو بہتر ماسک فراہم کیا گیاہے اور نہ عمدہ معیار کے دستانے فراہم کئے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ انہیں روزانہ خصوصی محنتانہ بھی نہیں دیا جارہا ہے ۔فریقین کے دلائل اور بحث سننے کے بعد جسٹس ایس جے کاتھا والا نے مذکورہ بالا اطلاع کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ’’ محکمہ صحت سے وابستہ دیگر افسران اور طبی عملہ کے علاوہ جو صفائی کامگار اپنی جان خطرے میں ڈال کر باقاعدگی سے جو خدمات انجام دے رہا ہے ان کے ساتھ ایسا سلوک کرنا غیر انسانی عمل ہے ۔‘‘ کورٹ نےنوی ممبئی شہری انتظامیہ کو حکم دیا کہ وہ نہ صرف ان کی حفاظت کا خیال رکھیں بلکہ انہیں روزانہ ۳۰۰؍ سو روپے محنتانہ بھی فراہم کریں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK