• Fri, 30 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج گیانیش کمار کیخلاف علامتی ’’عوامی مواخذہ ‘‘

Updated: October 30, 2026, 9:30 AM IST | Agency | New Delhi

ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر ہونے والے ’’علامتی پارلیمنٹ ‘‘ اجلاس کی صدارت سابق اسپیکر میرا کمار کریں گی ، کھرگےقرارداد پیش کرینگے جبکہ راہل گاندھی اختتام کریں گے۔

Congress leaders, led by Meira Kumar, devising a strategy for public impeachment proceedings. Photo: PTI
کانگریس لیڈران میرا کمار کی قیادت میں عوامی مواخذہ کی کارروائی کیلئے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ جمعہ ۳۰؍ اکتوبر کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف علامتی ’عوامی مواخذہ‘ منعقد کرے گا۔ لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار اس کارروائی کی صدارت کریںگی جبکہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے مواخذے کی قرارداد پیش کریں گے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی قرارداد منظور ہونے سے پہلے اختتامی خطاب کریں گے۔اتحاد کے لیڈروں نے جمعرات کو نئی دہلی میں کھرگے کی رہائش گاہ پر اجلاس کر کے پروگرام کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔ یہ احتجاج یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں ہونے والی ’ووٹ چوری‘ مخالف مہا ریلی سے پہلے منعقد کیا جا رہا ہے۔ انڈیا اتحاد اسے ایس آئی آر اور ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں پر اپنے احتجاج کی علامت قرار دے رہا ہے۔اجلاس میں کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی، جے رام رمیش، کے سی وینوگوپال، میرا کمار، ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن، سماجوادی پارٹی کے ہریندر ملک، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی مہوا ماجی اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جان بریٹاس سمیت کئی لیڈر شریک ہوئے۔ 

کانگریس صدرکھرگے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے گیانیش کمار کے خلاف باقاعدہ قرارداد پیش کریں گے۔ اتحاد نے پروگرام کو قانونی دسترس سے بچنےکیلئے ماک پارلیمنٹ کے بجائےعوامی مواخذہ کا نام دیا گیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے لیڈر ہریندر ملک نےبتایا کہ ہر جماعت سے صرف ایک نمائندہ اپنی بات رکھے گا۔

یہ بھی پڑھئے: ایک سال میں ۸۰۰۰۰؍ سے زیادہ رسائل رجسٹریشن فہرست سے باہر۳۰۰۰۰؍ نشانے پر: رپورٹ

جماعت کا سربراہ خود خطاب کر سکتا ہے یا اپنی طرف سے کسی دوسرے لیڈر کو نامزد کر سکتا ہے۔ملکارجن کھرگے نےصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ووٹ چوری‘‘ اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج جاری رہے گا۔ تمام مخالف  جماعتیں اس کی حمایت کر رہی ہیں۔ ان کے بقول جمہوریت میں جدوجہد کے ذریعے ہی لوگوں میں بیداری پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم نومبر کی ریلی میں ملک بھر سے لوگ شریک ہوں گے۔

کانگریس لیڈرگورو گوگوئی نے کہا کہ اپوزیشن ایس آئی آر اور ووٹ چوری سے متعلق اہم معاملات پر بحث چاہتی ہے۔ ان کے مطابق عوام کی مشکلات اور جمہوریت کو درپیش خطرات پر گفتگو ضروری ہے تاکہ ملک کے کروڑوں عوام کو یقین دلایا جا سکے کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے اپوزیشن متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کا پروگرام اتحاد کی یکجہتی کاواضح پیغام ہو گا ۔ کانگریس  ترجمان جے رام رمیش نےبتایا کہ کئی مقامات پر اس پروگرام کے لیے اجازت نہ ملنے کے باعث یہ کارروائی کانگریس صدر کی رہائش گاہ ۱۰؍ راجہ جی مارگ پر سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگی۔

اجلاس میں کیا کیا ہو گا ؟
گیانیش کمار کے عوامی مواخذہ کی کارروائی کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر منعقد کی جائے گی 
اس کارروائی کی صدارت لوک سبھا کی سابق اسپیکراور کانگریس لیڈر میرا کمار کریں گی۔
گیانیش کمار کیخلاف عوامی قرار داد راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے پیش کریں گے جبکہ اختتامی کلمات لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی ادا کرینگے۔ 
اپوزیشن کی ۱۹؍ اہم پارٹیوں کے نمائندے اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان پارٹیوں کے نامزدہ کردہ ہر ایک نمائندہ کو ۵؍ ۵؍ منٹ بولنے کا موقع دیا جائے گا جبکہ سماج وادی پارٹی اور ترنمول کے نمائندوں کو ۱۰؍ منٹ ملیں گے۔ 
 اجلاس میں سول سوسائٹی کے ممبران کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK