احمدالشرع نے کہا ’’ یا تو چابیاں جمع کروائیں یا تحقیقات کا سامنا کریں ‘‘
EPAPER
Updated: November 02, 2025, 10:48 AM IST | Damascus
احمدالشرع نے کہا ’’ یا تو چابیاں جمع کروائیں یا تحقیقات کا سامنا کریں ‘‘
شام کے صدر احمد الشرع نے ایسے سرکاری ملازمین جو عالیشان کاروں کے مالک ہیں کو حکم دیا ہے کہ وہ ان کاروں کی چابیاں حکومت کے حوالے کریں یا غیر قانونی آمدنی حاصل کرنے کی تحقیقات کا سامنا کریں۔ رپورٹ کے مطابق احمد الشرع نے کہا مجھے نہیں معلوم تھا کہ حکومت کی طرف سے دی جانے والی تنخواہیں اتنی زیادہ ہیں۔ ان کے ۱۰۰؍ سے زائد حامی اپوزیشن کے ایک سابق اڈے پر پہنچے جن میں سے اکثر عالیشان کاروں میں تھے۔ و ذرائع کے مطابق احمد الشرع نے جمع ہونے والے ان لوگوں کی سرزنش کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ کیا وہ بھول گئے ہیں کہ وہ انقلاب کے سپوت ہیں ؟ انہوں نے یہ بات باہر کھڑی کاروں کی بڑی تعداد دیکھ کر کہی۔ واضح رہے کہ ۱۴؍ سالہ جنگ اورسابق صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد سے احمد الشرع نے اقتدار سنبھا لاہے۔ ۱۰؍ ماہ کے اقتدار میں انہیں ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اطلاع کے مطابق مذکورہ ملاقات دمشق میں سرکاری صدارتی محل سے دور شمال مغربی شام کے ادلب صوبے کے ایک اڈے پر ہوئی تھی۔ دو ذرائع اور اس معاملے سے واقف دو سرکاری اہلکاروں کے مطابق احمد الشرع نے پرتعیش کاروں کے مالک ملازمین کو حکم دیا کہ وہ اپنی چابیاں حکومت کے حوالے کریں یا پھر غیر قانونی آمدنی حاصل کرنےکی تحقیقات کا سامنا کریں۔ تمام ذرائع نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی۔ دونوں حاضرین نے بتایا کہ حاضرین کے جاتے ہی کئی چابیاں حوالے کر دی گئیں۔ شامی حکام اور تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ وفاداروں کیلئے یہ پیغام ۴۳؍ سالہ صدر کو درپیش ایک بڑے چیلنج پر روشنی ڈال رہا ہے۔ یہ چیلنج بشار الاسد کی حکمرانی سے دوچار ہونے والی بدعنوانی کو دہرائے بغیر سویلین حکومت کو چلانے کا ہے۔ شام کی وزارت اطلاعات نے بتایا کہ احمد الشرع نے ادلب میں سابق رہنماؤں، حکام اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ایک غیر رسمی، دوستانہ ملاقات کا اہتمام کیا جس کے دوران انہوں نے سیاسی اور سیکوریٹی چیلنجوں کے ساتھ ساتھ پچھلی حکومت کے قائم کردہ ’سرمایہ کاری کلچر‘ کو تبدیل کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت اطاعات نے کہا کہ احمد الشرع نے ریاستی ملازمین میں بدعنوانی کے کسی بھی شبہ کے لیے صفر رواداری پر زور دیا ہے۔ تاہم وزارت نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ انہوں نے کار کی چابیاں حوالے کرنے کا کہا ہے۔