• Sat, 03 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دل تھام لیجئے ،۲۰۲۶ء میںکھیلوں کے کئی بڑے ایونٹ ہونے والے ہیں!

Updated: January 02, 2026, 3:38 PM IST | Agency | New Delhi

اگر آپ کھیلوں کے شوقین ہیں، تو ۲۰۲۶ء میں آپ کھیلوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیںکیونکہ اس سال ورلڈ کپ اور دیگر بڑے عالمی مقابلے منعقد ہوں گے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
اگر آپ کھیلوں کے شوقین ہیں، تو ۲۰۲۶ء میں آپ کھیلوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں کیونکہ اس سال ورلڈ کپ اور دیگر بڑے عالمی مقابلے منعقد ہوں گے۔ یہ سال کھیلوں کے دیوانوں کے لئے مصروف ترین سال ثابت ہو سکتا ہے، جس کی سب سے بڑی کشش فیفا ورلڈ کپ ہے، جو امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔کرکٹ کے شائقین مردوں اور خواتین دونوں ٹیموں کے ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ دیکھیں گے جہاں ٹیمیں خطاب کے لئے مدمقابل ہوں گی۔ انڈر ۔۱۹؍ورلڈ کپ زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، جس میں ویبھو سوریہ ونشی اور آیوش مہاترے جیسے ابھرتے ہوئے ستاروں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم سب کی توجہ کا مرکز ہوگی۔اس کے علاوہ ٹینس میں چاروں گرینڈ سلیم منعقد ہوں گے جبکہ فارمولا ون سیزن کے بارے میں توقع ہے کہ نئے قوانین اور ضوابط کی وجہ سے یہ حالیہ تاریخ کی سب سے دلچسپ مہم ہوگی۔ اس سال ہندوستانی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے عزم کے ساتھ ہالینڈ اور بلجیم کا رخ کرے گی جبکہ ہندوستان کے ایتھلیٹ دولت مشترکہ کھیلوں اور ایشیائی کھیلوں میں تمغے جیتنے کی کوشش کریں گے۔شطرنج کی دنیا میں فیڈے کینڈیڈیٹس ٹورنامنٹ ہوگا اور اس کے بعد ڈی گوکیش ورلڈ چیس چمپئن شپ ۲۰۲۶ءمیں اپنے تاج کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔ تو اپنی سیٹ بیلٹ باندھ لیں کیونکہ ۲۰۲۶ءکھیلوں کے شائقین کیلئے ایک سنسنی خیز سفر ہونے والا ہے۔
کرکٹ کے کئی بڑے ایونٹ 
۲۰۲۶ء میں کرکٹ کی دنیا میں کشش کا سب سے بڑا مرکز آئی سی سی مینس ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ ہو گا۔ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی ہندوستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔ مقابلہ۷؍ فروری سے شروع ہوگا۔ فائنل۸؍ مارچ کوہو گا۔آئی سی سی انڈر ۱۹؍مینس ورلڈ کپ کا ۱۵؍ جنوری سے ۶؍ فروری تک انعقاد ہوگا۔
۳؍ مارچ سےبیڈمنٹن آل انگلینڈ چمپئن شپ
بیڈمنٹن آل انگلینڈ چمپئن شپ۳؍ مارچ سے شروع ہوگی، جہاں پی وی سندھو اور دیگر ہندوستانی کھلاڑی۲۰۲۵ء کی ناکامیوںسے ابھرنے کی کوشش کریں گے۔ ہندوستانی فٹ بال شائقین کے لیے اچھی خبر ہے۔ ہندوستانی ٹیم طویل عرصے کے بعد یکم مارچ سے آسٹریلیا میں شروع ہونے والے اے ایف سی ویمنس ایشین کپ میں کھیلتی نظر آئے گی۔
کینڈیڈیٹس شطرنج ٹورنامنٹ: گوکیش کے چیلنجر کا پتہ چلے گا
کینڈیڈیٹس شطرنج ٹورنامنٹ مارچ کے آخر سے اپریل تک قبرص میں منعقد کیا جائے گا جو عالمی چمپئن شپ ٹائٹل کے لیے چیلنجرکا تعین کرے گا۔ اس وقت ہندوستان کے ڈی گوکیش عالمی چمپئن ہیں ۔ ہندوستان  کے آر پرگنانند کھلے زمرے میں حصہ لیں گےجبکہ خواتین کے زمرے میں آر ویشالی، کونیرو ہمپی اور دیویہ دیشمکھ حصہ لیں گی ۔ یہ ٹورنامنٹ۱۶؍ اپریل تک جاری رہے گا۔ اس دوران ایشین باکسنگ چمپئن شپ منگولیا میں منعقد ہوگی۔ٹورنامنٹ۱۱؍ اپریل تک چلے گا۔
تھامس اور اوبر کپ بیڈمنٹن، خواتین کا ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ
اس کے بعد تھامس اور اوبر کپ بیڈمنٹن۲۴؍ اپریل  سے۳؍مئی تک کھیلا جائے گا۔ چند دنوں بعد آئی ٹی ٹی ایف ورلڈ ٹیم ٹیبل ٹینس چمپئن شپ کے فائنلز۲۸؍ اپریل سے ۱۰؍مئی تک لندن میں منعقد ہوں گے۔ہندوستانی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے اس ایونٹ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔خواتین کا ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جون میں منعقد ہوگا، جہاں ہرمن پریت کور کی ٹیم۲۰۲۵ء کے ون ڈے ورلڈ کپ کی کامیابی کو دہرانے کی کوشش کرے گی۔ ایتھلیٹکس سیزن کا آغاز مئی میں ڈائمنڈ لیگ کے ساتھ ہوگا جس میں جیولن تھرو اسٹار نیرج چوپڑا توجہ میں ہوں گے۔
فیفا مینس ورلڈ کپ تاریخی ہونے والا ہے
فیفا عالمی کپ اس سال کا سب سےسنسنی خیزایونٹ ہوگا ۔ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے۔۱۱؍ جون سے۱۹؍ جولائی تک جاری رہنے والے اس ورلڈ کپ میں پہلی بار۴۸؍ ٹیمیں حصہ لیں گی۔۱۹۹۸ء کے بعد پہلی بار ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں میچوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی طور پر۱۰۴؍ میچ کھیلے جائیں گے، یہ فیفا کی تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ  ہوگا۔نئے ممالک کی شرکت اور میچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد تماشائیوں کو مسلسل ہائی وولٹیج ایکشن کا تجربہ یقینی بنائے گی۔
گلاسگو میںدولت مشترکہ کھیلوںکا انعقاد
۲۳؍ جولائی سے۲؍ اگست تک اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میںدولت مشترکہ کھیل منعقد ہوں گے ۔ ان میں صرف۱۰؍ کھیل پیش کیے جائیں گے ۔ اس کے باوجود دولت مشترکہ کے۷۴؍ ممالک کے تقریباً۳؍ہزارکھلاڑی شرکت کریں گے۔اسکے علاوہ نیدرلینڈ اور بلجیم میں۱۴؍ اگست سے ہاکی ورلڈ کپ شروع ہوگاجس کیلئے ہندوستانی مردوں کی ٹیم کوالیفائی کرچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK