حاجی ملنگ پہاڑی پر حال ہی میں شروع کی گئی ریاست کی سب سے طویل فینیکولر روپ وے سروس میں سیکوریٹی کی سنگین کوتاہی کا انکشاف ہوا ہے۔
EPAPER
Updated: February 27, 2026, 1:00 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
حاجی ملنگ پہاڑی پر حال ہی میں شروع کی گئی ریاست کی سب سے طویل فینیکولر روپ وے سروس میں سیکوریٹی کی سنگین کوتاہی کا انکشاف ہوا ہے۔
حاجی ملنگ پہاڑی پر حال ہی میں شروع کی گئی ریاست کی سب سے طویل فینیکولر روپ وے سروس میں سیکوریٹی کی سنگین کوتاہی کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک شخص کی جانب سے روپ وے کے حساس آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور اسے چلانے کا ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کھلبلی مچ گئی ہے۔ اس واقعہ نے نہ صرف انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے بلکہ یہاں آنے والے ہزاروں زائرین کے تحفظ کو بھی مشکوک بنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ۲۳ ؍ فروری کی رات کو ونود پاٹل نامی مقامی شخص جو روپ وے پروجیکٹ کا ملازم یا تکنیکی ماہر نہیں ہے، کنٹرول روم میں داخل ہوا اور ماہر آپریٹر کی غیر موجودگی میں روپ وے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس خطرناک حرکت کا مقصد صرف سوشل میڈیا کیلئے ’ریل‘ بنانا تھا۔ اس نے اپنی اس غیر ذمہ دارانہ حرکت کی ویڈیو خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جس کے بعد یہ معاملہ روشنی میں آیا۔ سماجی کارکن منگیش بھوئیر نے اس معاملے کو پوری شدت کے ساتھ اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کو تحریری شکایت کی ہے جس میں انہوں نےکہا کہ روپ وے کی افتتاحی تقریب کے فوراً بعد اس طرح کا واقعہ انتظامیہ کی بڑی ناکامی ہے۔ جب یہ واقعہ پیش آیا، اس وقت روپ وے میں مسافر موجود تھے اور ملزم کی ایک چھوٹی سی غلطی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔ واضح رہے کہ حاجی عبدالرحمٰن شاہ عرف حاجی ملنگ بابا کے عرس کے پیش نظر زائرین بڑی تعدادمیں اس جدید روپ وے سروس کا استعمال کر رہے ہیں۔