ڈیجیٹل آلات کی فوری فراہمی کا مطالبہ، تلاٹھی سنگھ کا کہنا ہےگزشتہ ۱۰؍ سال سے افسران کو نئے لیپ ٹاپ ، کمپیوٹر اوردیگر آلات فراہم نہیں کئے گئے۔
تلاٹھی اور منڈل افسران تحصیلدار کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
یہاں تلاٹھی اور منڈل افسران کی جانب سے جدید ڈیجیٹل آلات کی فوری فراہمی کے مطالبہ پر شروع کی گئی ہڑتال منگل کو دوسرے دن بھی جاری رہی۔ مہاراشٹر اسٹیٹ تلاٹھی سنگھ کے زیرِ اہتمام اس ہڑتال کے تحصیل سے متعلق امور بدستور مکمل طور پر ٹھپ پڑے ہوئے ہیں، جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ملازمین کی جانب سے ڈیجیٹل دستخطی سرٹیفکیٹس (ڈی ایس سی) انتظامیہ کے حوالے کئے جانے کے سبب سات بارہ،۸؍اے، فردِ تبدیلی، ای-حق، ای-فصل معائنہ (ای-پِک پاہنی)، ای-پنچنامہ سمیت تمام آن لائن خدمات معطل ہو گئی ہیں۔ سنگھ کے مطابق گزشتہ ۱۰؍ سال سے تلاٹھی اور منڈل افسران کو نئے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر آلات فراہم نہیں کیے گئے، حالانکہ حکومتی ضابطوں کے تحت ان کی معیادِ استعمال پانچ برس مقرر ہے۔ فرسودہ اور خراب آلات کے سبب کام کاج متاثر ہونے پر ملازمین نے یہ سخت قدم اٹھایا ہے۔
ہڑتال کے دوسرے دن اس کے اثرات مزید واضح ہوتے دکھائی دیے۔ تحصیل سے متعلق کاموں کیلئے دفاتر کا رخ کرنے والے شہریوں کو مایوسی لوٹنا پڑا۔ اس سلسلے میں عاطف دیوکر نامی شہری نے ہڑتال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمین سے متعلق دستاویزات، سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری کام التوا کا شکار ہو گئے ہیں جس سے ان جیسےعام لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ تلاٹھیوں کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری حل نکالا جائے تاکہ شہریوں کو راحت مل سکے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ تلاٹھی سنگھ، بھیونڈی شاخ کی جانب سے تحصیلدار بھیونڈی کو پیش کی گئی عرضداشت میں جی ای ایم پورٹل کے ذریعے نئے لیپ ٹاپ اور پرنٹرز کی فوری خریداری، فرسودہ آلات کی تلفی اور خریداری میں تاخیر کے ذمہ داران کی نشاندہی و کارروائی کا مطالبہ دہرایا گیا ہے۔ سنگھ نے واضح کیا ہے کہ مطالبات منظور ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی اور اگر آن لائن و دفتری کام کاج متاثر رہا تو اس کی مکمل ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔احتجاج کے دوران منڈل افسر سنتوش اگِولے کے علاوہ تلاٹھی نرسوبابا توگاوے، نیلیش کامبیرے، سدھاکر کامڈی، یوگیش بھوجنے، راہل چِتّے، گنیش پاٹل، سریش راٹھوڑ، نِکیتا دیشمکھ، نیہا شیخ، چِترا وشے، اویناش راؤت، رمیش سوریہ ونشی، وجے لوہکرے، سنجیوَنی وانکھیڑے سمیت تعلقہ بھر کے متعدد تلاٹھی اور اہلکار موجود رہے۔