Inquilab Logo

تلوجہ: فیز- ون علاقے میں پانی کی شدید قلت سے مکین بے حال

Updated: March 28, 2023, 9:52 AM IST | waseem ahmed patel | Mumbai

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شکایت کے باوجود سڈکوتوجہ نہیں دے رہا ہے۔ مسئلہ جلد حل نہ ہونے پر بھوک ہڑتال کا انتباہ

A symbolic hunger strike was held in Taluja against the shortage of water.
پانی کی قلت کے خلاف تلوجہ میں علامتی بھوک ہڑتال کی گئی ۔

 یہاں فیز- ون  علاقے میںان دنوں پانی کی شدید قلت   ہے اور مکین   بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔  اتوار کوتلوجہ کالونی فیڈریشن کی طرف سے گامی بلڈنگ کے قریب کھلے میدان میں یکروزہ علامتی بھوک ہڑتال بھی کی گئی   ۔ اس تعلق سے  فیڈریشن کے صدر پرساد پاٹل نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی کی ایک اہم ضرورت ہے لیکن ہم اس سے بھی محروم ہیں۔  اس سلسلے میں کئی دفعہ سڈکو سے تحریری شکایت کی گئی لیکن وہاں سے گول مول جواب آتا ہے۔ کبھی تکنیکی خرابی تو کبھی ایم آئی ڈی سی سے کم دباؤ میں پانی  سپلائی   وجہ بتائی جاتی ہے ۔آخر پریشان ہو کر ہم  نے علامتی بھوک ہڑتال کی لیکن جلد ہی پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوا تو بے مدت بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ مسجد  عائشہ کے ذمہ دار افروز شیخ اور ابوسالم اعظمی کے مطابق  مسجد میں مجبوراً یہ اعلان کرنا پڑرہا ہے کہ مقتدی گھر سے وضو کر کے آئیں کیونکہ مسجد میں پانی کی شدید قلت ہے لیکن مسئلہ یہ پیش آرہا ہے کہ مقتدیوں کے گھروں میں پانی کا مسئلہ ہے اس لئے وہ مسجد میں وضو کیلئے آتے ہیں۔
  ایک خاتون خانہ نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ رمضان کا مقدس مہینہ  جاری ہے۔ سحری اور افطار کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں ہے  ۔ غلام سرفرے،   اشفاق تانبے  اور نثار احمد  الزام لگاتے ہوئے کہا کہ  یہاں پر پانی کا مسئلہ ہر  بلڈنگ میں ہے لیکن زیر تعمیر بلڈنگ میں آپ کو وافر مقدار میں پانی ملے  گا    جبکہ  ایک مقامی شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہاں پر ٹینکر سے پانی سپلائی ہوتا ہے ۔یہ پانی کا مسئلہ سڈکو  اور ٹینکر لابی کی ملی بھگت تو نہیں ؟  نمائندۂ  انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے بہوجن  ونچت وکاس تنظیم کے مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری اقبال ناوڑکر نے بتایا کہ  رمضان کے مہینے میں بہت سی  بلڈنگوں میں تراویح کا اہتمام ہوتا ہے۔ میں نے بیلاپور میںسڈکو کے  ایگزیکٹیو انجینئر  چھوٹانی اور کھارگھر سڈکو کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر   راہل سرودے سے ان بلڈنگوں میں ٹینکر کے ذریعے پانی سپلائی کرنے کی درخواست کی تھی لیکن انہوں نے صاف انکار کردیا۔  اس کے بعد میں نے مہاراشٹر سڈکو کے   انجینئر پی وی مول سے ملاقات کی جنہوں نے ان بلڈنگوں میں ٹینکر کے ذریعے پانی سپلائی کرنے کی ہامی بھری ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت مکتب ابراہیم  فیز-  ٹو، مکتبہ النور        پیراڈائز  بلڈنگ  فیز-ون  اور میری گولڈ، مسجد عائشہ فیز- ون میں ٹینکر سے پانی  سپلائی ہو رہا ہے  اور یہ پچھلے ۱۰؍برس میں پہلی دفعہ ہو رہا ہے جبکہ مسجد عائشہ میں  نمازیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مشکل پیش آ رہی ہے ۔ یہاں پر۱۰؍روزہ تراویح کا بھی اہتمام ہے۔
 اس بارے میںبیلاپور میںسڈکو کے  ایگزیکٹیو انجینئر چھوٹانی سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے اس نمائندے سے کہا کہ ’’بہت سی جگہوں پر پانی کا مسئلہ حل ہوچکا ہے اور جہاں باقی ہے،  میں ذاتی طور پر خود اس پر توجہ دے رہا ہوں۔ کچھ تکنیکی خرابی کی وجہ سے وقفے وقفے سے  پانی کا مسئلہ پیش آتا ہے ۔ رہی بات ٹینکر کے ذریعے پانی مہیا کرنا وہ ہر سوسائٹی میں ممکن نہیں ہے لیکن جلد ہی پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔‘‘

Taloja Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK