اس مرتبہ ریکارڈ ۴۰۲۳؍ امیدوار میدان میں ہیں،ڈی ایم کے اور کانگریس اتحاد کو بالادستی حاصل
EPAPER
Updated: April 23, 2026, 12:00 AM IST | Chennai
اس مرتبہ ریکارڈ ۴۰۲۳؍ امیدوار میدان میں ہیں،ڈی ایم کے اور کانگریس اتحاد کو بالادستی حاصل
تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے لئے تمام تر انتظامی اور حفاظتی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہاں ایک ہی مرحلے میں پولنگ کروائی جارہی ہے۔ ریاست بھر میں جمعرات کی صبح ۷؍ بجے سے ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا، جس میں ۵؍ کروڑ ۷۳؍ لاکھ سے زائد ووٹرس ۴۰۲۳؍سے امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔اس بار تمل ناڈو کے انتخابات کئی لحاظ سے تاریخی ثابت ہو رہے ہیں۔ کل۵ء۷۳؍ کروڑ ووٹرس میں۲ء۹۳؍کروڑ خواتین او۲ء۸۰؍ کروڑ مرد شامل ہیں۔ یعنی اس مرتبہ خواتین ووٹروں کی تعداد مرد ووٹروں سے زیادہ ہے۔ اسکے علاوہ تقریباً ۸؍ ہزار ٹرانس جینڈر ووٹرز بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
۱۸؍ سے ۲۹؍ سال کی عمر کے ۱ء۲۱؍کروڑ نوجوان ووٹرس اس انتخابی معرکے میں کنگ میکر کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس مرتبہ امیدواروں کی تعداد بھی ریکارڈ سطح پر پہنچی ہوئی ہے جن میں خواتین امیدواروں کی تعداد ۴۴۳؍ ہے جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
تمل ناڈو کی چیف الیکشن آفیسر ارچنا پٹنائک کے مطابق، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں ۷۵؍ ہزار ۶۴؍ پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن پرتمل ناڈو کی تمام ۲۳۴؍ سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ انتظامیہ نے ۵؍ ہزار ۹۴۹؍پولنگ بوتھوں کو حساس اور `انتہائی حساس قرار دیا ہے۔ یہاںمرکزی مسلح فورسیز کی اضافی کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ مجموعی طور پر۱ء۵۰؍ لاکھ سیکوریٹی اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے، جن میں مرکزی فورسیز کی ۳۰۰؍ کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ تمام بوتھوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور پولنگ کے عمل کی لائیو اسٹریمنگ کی جائے گی۔یاد رہے کہ تمل ناڈو کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ۴؍ مئی کو دیگر ریاستوں کے ساتھ کیا جائے گا۔ اس الیکشن میں ویسے تو اسٹالن کی پارٹی ڈی ایم کے کے ہی جیتنے کے امکانات ہیں لیکن اداکار وجئے کی پارٹی بھی ہلچل مچاسکتی ہے۔