Inquilab Logo

پیٹرول کے دام ہم کم کرکے دکھائیں گے

Updated: March 14, 2021, 1:22 PM IST | Agency | Chennai

تمل ناڈو میں ڈی ایم کے کے انتخابی منشور میں وعدہ ،رسوئی گیس اور ڈیزل کے دام بھی کم کریں گے ،کل ملاکر ریاست کے عوام سے ۵۰۰؍وعدے کئے ، ریاست کے تمام راشن کارڈ ہولڈرس کو ۴؍ ہزار روپے ، دودھ کی قیمت میں کمی ،مسجدوں کی دیکھ بھال کیلئے ۲۰۰؍کروڑ 

 President DMK Stalin and other leaders issuing the party`s election manifesto. Picture:INN
ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن اور دیگر لیڈران پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے۔تصویر :پی ٹی آئی

 تمل ناڈو میں اپوزیشن جماعت دراوڑ منیتر کزگم (ڈی ایم کے) نےسنیچر کو جاری اپنے انتخابی منشور میں کہا کہ اگر ان کی پارٹی برسراقتدار آئے گی تو ریاست  میں پیٹرول ، ڈیزل اور رسوئی گیس کے دام پہلی میٹنگ میں کم کردئیے جائیں گے اور یہ معمولی کمی نہیں ہو گی بلکہ خاطر خواہ کمی کی جائے گی۔ ساتھ ہی  تمام راشن کارڈ ہولڈروں کو ۴؍ ہزار روپے،  ریاستی آون دودھ کی قیمتوں میں کمی  اور دیگر کئی وعدے ہیں۔  واضح رہے کہ ریاست میں  ۶؍اپریل کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظریہاں پارٹی کا منشور جاری کرتے ہوے ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن نے ۵۰۰؍اعلانات کئے۔انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی پارٹی ریاست میں تمام راشن  کارڈ ہولڈروں کی مدد کے طورپر چار ہزار روپے دے گی، یہ رقم ان کے اکائونٹ میں بھیجی جائے گی۔  اسٹالن نے کہاکہ خواتین رائے دہندگان کو راغب کرنے کے لئے آون دودھ کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر کمی اور  پیٹرول  اور ڈیزل  کی قیمت میں بالترتیب  ۷؍ اور ۵؍ روپے فی لیٹرکم کرنے کا وعدہ کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ کمی اس سے زیادہ ہی ہو گی ۔ 
  اسٹالن نے کہاکہ ان کی پارٹی برسراقتدار آنے پر رسوئی گیس سلنڈر میں ۱۰۰؍روپے کی سبسیڈی کے علاوہ تمام راشن کارڈ ہولڈروں کو اضافی طور پر ایک کلو چینی اور اُڑد کی سپلائی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں کے لئے خواتین ریزرویشن کو ۳۰؍سے ۴۰؍فیصد کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی پولیس اہلکار کی موت ہوجانے پر اس کے کنبہ کو ایک کروڑ روپے کی مالی مدد دی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی ہندو مخالف نہیں ہے۔ انہوں نے پارٹی منشور میں ہندو مذہبی مقامات کی دیکھ بھال کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے اور مسجدوں اور کلیسائوں کے لئے  ۲۰۰؍کروڑ روپے دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ 
  ڈی ایم کے نے منشور میں کمپنیوں میں ملازمت کے لئے تمل افراد کو ۷۵؍ فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے اے اے اے ڈی ایم کے حکومت کے وزراء کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی سماعت کے لئے خصوصی عدالت کے قیام کا بھی وعدہ کیا ہے۔ڈی ایم کے نے تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی کی کارروائی کی براہ راست نشریات کا بندوبست کرنے ، نیٹ کے خلاف قانون ساز اسمبلی کے پہلے سیشن میں قانون لانے ، سرکاری ملازمین کے لئے بڑھاپا اسکیم کی بحالی ، بجلی کے بل سائیکل کو ماہانہ بنانے اور طلبہ کو اسکولوں میں مفت میں دودھ مہیا کرانے کا وعدہ کیا  ۔ ڈی ایم کے صدر  نے ریاست میں۶؍اپریل کو  ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کا منشور جاری کیا اور اسے ڈی ایم کے کا `دوسرا ہیرو قرار دیا اور کہا کہ اس میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے حکومت کا ایک علاحدہ محکمہ قائم کیا جائے گا۔انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ امیدواروں کی فہرست ہمارا پہلا  اور منشور دوسرا ہیرو ہے۔ اسٹالن نے اس موقع پر انّا ڈی ایم کے حکومت اور اس کی اتحادی بی جے پی کو آڑے ہاتھوں بھی لیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا ملک مہنگائی سے پریشان ہے ، کسان حیران ہیں، ان کی زمینیں چھیننے کے قوانین بنائے جارہے ہیں لیکن بی جے پی اور انّا ڈی ایم کے کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ اسے روکنےکے لئے ضروری ہے کہ عوام ڈی ایم کے اور کانگریس اتحاد کو منتخب کریں کیوں کہ یہی وہ اتحاد ہے جو عوام کو راحت پہنچاسکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK