• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کاویری ندی کے پانی سے متعلق تمل ناڈو کی عرضی خارج

Updated: November 21, 2026, 12:48 PM IST | Agency | Bangalore/ New Delhi

تمل ناڈو نےکرناٹک کو کاویری ندی کا۱۱؍ ہزار ملین مکعب فٹ اضافی پانی چھوڑنے کی ہدایت دینے کا عدالت سے مطالبہ کیا تھا۔

The dispute between the two states over the distribution of the Kaveri River`s water is escalating. Image: INN
کاویری ندی کے پانی کی تقسیم پر دونوں ریاستوں میںتنازع بڑھتا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

سپریم کورٹ نے جمعہ کو تمل ناڈو حکومت کی ان دو عرضیوں کو خارج کردیاجن میں کرناٹک کو کاویری ندی کا۱۱؍ ہزار ملین مکعب فٹ (ٹی ایم سی) اضافی پانی چھوڑنے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے سے دونوں پڑوسی ریاستوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری بین ریاستی آبی تقسیم کے تنازع میں تمل ناڈو کو جھٹکا لگا ہے۔جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس اپریش کمار سنگھ پر مشتمل بنچ نے تمل ناڈو کے ان مطالبات کو مسترد کردیاجن میں کرناٹک کی جانب سے مقررہ مقدار سے کم پانی چھوڑے جانے کی مبینہ کمی کی تلافی کے لیے فوری طور پر پانی چھوڑنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ تمل ناڈو نے مطالبہ کیا تھا کہ کرناٹک کو ۷؍ اکتوبر تک واجب الادا بتائے جارہے۱۱؍ ٹی ایم سی پانی چھوڑنے کی ہدایت دی جائے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی سہ فریقی ملاقات، عالمی امن کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور

اس کے علاوہ کرناٹک اور تمل ناڈو کی سرحد پر واقع بین ریاستی آبی پیمائش مرکز بلی گنڈلو میں مسلسل۱۰؍ دن تک روزانہ۱ء۳؍ ٹی ایم سی پانی چھوڑنے کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا ۔تمل ناڈو حکومت نے دلیل دی تھی کہ پانی کی مبینہ کمی سے ریاست کی آبپاشی کی ضروریات متاثر ہوئی ہیں اور کھیتوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ریاست نے سپریم کورٹ سے مداخلت کرتے ہوئے کرناٹک کو آبی تقسیم سے متعلق اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی تھی۔

بنچ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ تمل ناڈو کی تیسری عرضی بھی خارج کردی جائے گی۔ اس عرضی میں معاملے کے ریکارڈ میں اضافی دستاویزات شامل کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے دونوں ریاستوں کے دلائل سننے کے بعد۱۲؍ اکتوبر کو ان دو عرضیوں پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ کرناٹک نے تمل ناڈو کے مطالبے کی سخت مخالفت کی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ ریاست کے کئی حصوں میں کم بارش اور خشک سالی جیسی صورت حال کے باعث پانی کی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK