• Sat, 27 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایپ سے بُک کی جانے والی ٹیکسیوں کا کرایہ ۲۲ء۷۲؍ روپے فی کلو میٹر

Updated: September 26, 2025, 10:52 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ایپ والے رکشا کیلئے بنیادی کرایہ ۱۷ء۱۴؍ روپے۔ ایگریگیٹر ٹیکسیوں کیلئے زمروں کے حساب سے پھر نئے نرخ طے کئے جائیں گے۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی ایپ پریہ کرایہ جلد از جلدشامل کرنے کی ہدایت

The fare of app taxis has the option to increase or decrease according to the time.
ایپ ٹیکسیوں کا کرایہ اوقات کےمطابق گھٹانے یا بڑھانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ٹرانسپورٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ٹی اے) نے ایپ سے بُک کی جانے والی اولا، اوبر اور ریپیڈو گاڑیوں کیلئے وہی کرایہ طے کردیا ہے جو کالی پیلی اے سی ٹیکسیوں کا ہوتا ہے۔ البتہ جلد ہی ایگریگیٹر ٹیکسیوں کیلئے زمروں کے اعتبار سے نیا نرخ طے کیا جائے گا۔
 ایم ایم آر ٹی اے کے ذریعہ جمعرات کو جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اولا، اوبر، ریپیڈو اور ان جیسی دیگر ایگریگیٹر ٹیکسیوں کیلئے بنیادی کرایہ کالی پیلی اے سی ٹیکسیوں جتنا یعنی ۲۲ء۷۲؍ روپے فی کلو میٹر اور آٹو رکشا کا کرایہ ۱۷ء۱۴؍ روپے فی کلو میٹر ہوگا۔البتہ بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں ان میں ڈیڑھ گنا تک اضافہ کی گنجائش رکھی گئی ہے اور کم مسافر ملنے کے اوقات میں یہ کرایہ ۲۵؍ فیصد تک کم بھی کیا جاسکتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق مسافروں کی کمی کی صورت میں ان ٹیکسیوں کا کرایہ کم ہوکر ۱۷؍ روپے فی کلو میٹر تک اور مسافروں کی مانگ بڑھنے کے اوقات میں بڑھ کر ۳۴؍ روپے فی کلو میٹر تک پہنچنے کی گنجائش   ہے۔  وقت کے اعتبارسے کرایہ بڑھنے کے اوقات میں ایپ سے بک کی جانے والی ٹیکسیوں میں سفر کرنا موجودہ کرایہ کے مقابلے مہنگا ہوسکتا ہے۔ 
 تاہم بائیک ٹیکسیوں کے موجودہ نرخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں بھی اس کے کرایہ میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے انہیں متعینہ کرایہ، ابتدائی ڈیڑھ کلو میٹر کیلئے ۱۵؍ روپے اور پھر اس کے بعد ہر کلو میٹر کیلئے ۱۰ء۲۷؍ روپے لینے کی اجازت ہے۔
 اس سلسلے میں ریاستی ٹرانسپورٹ کمشنر وویک بھیمن وار نے بیان دیا ہے کہ ایگریگیٹر ٹیکسی والی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایم ایم آر ٹی اے کے ذریعہ طے شدہ کرایہ اپنے ایپ پر آئندہ ۲؍ سے ۳؍ دن میں شامل کرلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنیوں کو نیا کرایہ اپنے ایپ میں شامل کرنے کیلئے تھوڑی مہلت دی جارہی ہے اس کے بعد نیا کرایہ نافذ ہوجائے گا۔
 ایک دیگر افسر کے مطابق ممبئی میں عام کالی پیلی ٹیکسیوں کا پہلے ڈیڑھ کلو میٹر کا کرایہ ۳۱؍ روپے ہے۔ اس حساب سے ایک کلو میٹر کا کرایہ ۲۰ء۶۶؍ روپے ہوجاتا ہے۔ البتہ کالی پیلی اے سی ٹیکسیوں کیلئے ایم ایم آر ٹی اے نے کرایہ میں ۱۰؍ فیصد اضافہ کی اجازت دی ہے جس کی وجہ سے یہ کرایہ ۲۲ء۷۲؍ روپے فی کلو میٹر ہوجاتا ہے۔ اس افسر نے مزید کہا کہ ’’ہم نے متعلقہ کمپنیوں کو ان کرایوں کو اپنے ایپ میں آئندہ ۲؍ سے ۳؍ روز میں شامل کرنے کی ہدایت دی ہے لیکن جلد ہی ہم ایگریگیٹر گاڑیوں کیلئے ایک نئی پالیسی مرتب کریں گے جن میں زمروں کے حساب سے ان کا نیا کرایہ بھی طے کیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہیچ بیک، سیڈن، ایس یو وی یا پریمیم جیسی گاڑی ہوگی اس حساب سے اس زمرے کا کرایہ علاحدہ ہوگا۔
 اگرچہ ریاستی ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق ایگریگیٹر کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ آمدنی کا ۸۰؍ فیصد حصہ ڈرائیوروں کو ملنا چاہئے۔ تاہم اس تعلق سے مرکزی حکومت کی بھی گائیڈ لائن موجود ہے اور کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی ان رہنما خطوط پر عمل کررہے ہیں۔ 
 مرکزی حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق ایگریگیٹر کمپنیاں بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں بنیادی کرایہ کا دوگنا نرخ وصول کرسکتے ہیں اور کم مسافر ملنے کے وقت میںکرایہ آدھا تک کم کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK