Updated: October 10, 2025, 9:05 PM IST
| Mumbai
ٹی سی ایس نے اگلے۳؍ برسوں میں برطانیہ میں ۵؍ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ لندن میں ایک نیا اے آئی تجربہ زون اور ڈیزائن اسٹوڈیو کھولنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد جدت کو فروغ دینا اور اس شعبے میں نئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ صارفین کے تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔
ٹاٹا کنسلٹنسی سروسیز۔ تصویر:آئی این این
ٹاٹا کنسلٹنسی سروسیز نے برطانیہ میں اپنے اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے منصوبے کو مضبوط کیا ہے، یہ اعلان کرتے ہوئے کہ وہ اگلے ۳؍ برسوں میں ملک بھر میں۵؍ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرے گی۔ مزید برآں، کمپنی نے لندن میں ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی ) تجربہ زون اور ڈیزائن اسٹوڈیو شروع کیا ہے، جو جدت اور گاہک کے تعاون کو فروغ دے گا۔
یہ بھی پڑھیے:ایس بی آئی کا اگلا ایم ڈی پرائیویٹ سیکٹر سے ہوگا
ٹی سی ایس جو کہ گزشتہ ۵۰؍برسوں سے برطانیہ کی ڈجیٹل تبدیلی کی رہنمائی کر رہا ہے، اس وقت برطانیہ میں تقریباً ۴۲؍ہزاربراہ راست اور بالواسطہ ملازمتوں کی حمایت کرتا ہے۔ کمپنی نے مالی سال۲۰۲۴ء میں برطانیہ کی معیشت میں ۳ء۳؍ بلین پاؤنڈ کا حصہ ڈالا۔ نیا اے آئی تجربہ زون اور لندن ڈیزائن اسٹوڈیو، کمپنی کے فلیگ شپ پیس پورٹ مراکز کا ایک جدید ورژن، جس کا مقصد جدت کو تیز کرنا اور برطانیہ میں صارفین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ٹی سی ایس کے یوکے اور آئرلینڈ کے سربراہ ونے سنگھوی نے کہا کہ برطانیہ کمپنی کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے اور یہ اے آئی تجربہ زون کاروباری اداروں کے ساتھ تعاون کرے گا تاکہ وہ نئی ٹیکنالوجیز میں سب سے آگے رہیں۔ یہ اسٹوڈیو نیویارک اسٹوڈیو کے بعد ٹی سی ایس کا دوسرا ڈیزائن سینٹر ہے۔ برطانیہ کے وزیر سرمایہ کاری جیسن اسٹاک ووڈ نے ٹی سی ایس کے ممبئی کیمپس کا دورہ کیا، اس کی تکنیکی اختراعات کی تعریف کی اور کہا کہ ٹاٹا گروپ برطانیہ اور ہندوستان کے درمیان تجارتی تعلقات میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سرمایہ کاری دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ٹی سی ایس کے اس اقدام سے نہ صرف ملازمتیں پیدا ہوں گی بلکہ یہ برطانیہ میں ڈجیٹل مہارتوں کو فروغ دینے اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مسابقتی برتری حاصل کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا، اس طرح دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔