Inquilab Logo

اساتذہ کو غیر تدریسی ذمہ داریوں  سے چھٹکارا ملنے کی اُمید

Updated: September 06, 2022, 10:19 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

یوم اساتذہ پر وزیراعلیٰ کاآن لائن خطاب ، اضافی ذمہ داریاں کم کرنے کے ساتھ ہی خالی اسامیوں کو پُر کرنے، تنخواہیں وقت پر ادا کرنےاور اسکولوں کا معیار بہتر بنانے کا بھی وعدہ

Chief Minister Eknath Shinde addressing seminarians online on Teachers` Day.
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے یوم اساتذہ پر مدرسین سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے۔

 پیر کو یوم اساتذہ کے موقع پر مہاراشٹر کے سرکاری اسکولوں  کے مدرسین کو راحت کا بڑا پیغام دیتے ہوئے وزیراعلیٰ  ایکناتھ شندے نے انہیںنہ صرف غیر تدریسی ذمہ داریوں سے نجات دلانے کا وعدہ کیا ہے بلکہ یہ اعلان بھی کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ  ان کی تنخواہیں وقت پر ادا کی جائیں ۔ اپنی سرکاری رہائش گاہ ورشا سے اساتذہ کوآن لائن خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انہیں یوم اساتذہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹیچروں کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ تقریباً ۲۵؍ منٹ  کے اپنے خطاب  سے قبل وزیر اعلیٰ نے اساتذہ  سے کے مسائل سنے  اور  انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وعدہ کیا۔ 
 ایکناتھ شندے نے سرکاری اسکولوں کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کرنے ،ا سکولوں کو بااختیار  اور معیار تعلیم کو بین الاقوامی معیار کے ہم پلہ کرنے کی یقین  دہانی بھی کرائی ۔  وزیر اعلیٰ نے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے یہ کہاکہ تعلیم دینے کیلئے کیسے ہی جدید طریقوں  کا استعمال کیا جانے لگا  ہو لیکن استاذ کی جگہ کوئی ٹیکنالوجی نہیں لے سکتی۔اساتذہ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے اس پروگرام میں وزیر تعلیم دیپک کیسرکر، سیکریٹری رنجیت سنگھ دیول اور ڈائریکٹر کیلاش پگارے موجود تھے۔
اضافی کاموں سے نجات، تنخواہوں کی بروقت ادائیگی
  آن لائن کانفرنسنگ کے دوران اساتذہ  کے مسائل سننے کے بعد وزیراعلیٰ نے محکمے کو ہدایت دی کہ وہ   اساتذہ کی تنخواہوں کے وقت پران کےبینک کھاتوں میںمنتقل ہونے کو یقینی بنانے کیلئے نگرانی بڑھائے۔    اس  کے ساتھ ہی ایکناتھ  شندے نے ہدایت دی کہ ٹیچروں کی   خالی اسامیوں کو جلد پُر کیا جائے گا۔ اساتذہ کو غیر تدریسی کام نہ دینےکی  بھی یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے اس تعلق سے ضروری ہدایت محکمہ تعلیم کودینے کی بات کہی۔ انہوںنے  اعلان کیا کہ  اساتذہ کی ایوارڈکی تقریب کا بھی جلد انعقاد کیا جائے گا۔
نئی قومی تعلیمی پالیسی کے موثر نفاذ پر زور
 وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ مہاراشٹرنے ہمیشہ تعلیم کے میدان میں اہم کام کرتے ہوئے ملک کو نئے تجربات اور آئیڈیاز دیئے ہیں۔ حکومت نے مرکزی حکومت کی نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت ریاست کے تمام بچوں کو مساوی اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے کچھ اہم اور جامع فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ نئی تعلیمی پالیسی کو ریاست میں مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے۔
 بین الاقوامی معیار کی تعلیم 
 وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اسکولوں کی ترقی کیلئے   اور سرکاری اسکولوں کو بااختیار بنانے کیلئے  بہت سے اہم فیصلے کئے ہیں۔ پری پرائمری تعلیم کو بین الاقوامی معیار کی بنانے کی کوششیں کی گئی ہیں اور نئی تعلیمی پالیسی میں تعلیم پر۶؍  فیصد خرچ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔  ڈراپ آؤٹ کی شرح  پر قابو پانا اور اساتذہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو فروغ دینے کی وکالت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے نئی ​​تعلیمی پالیسی  کو نافذ کرتے ہوئے  طلبہ  اوران  کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے پر توجہ مرکوز  رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور اعلان کیا کہ اس کیلئے محکمہ تعلیم کو  ہر سطح  پر کام کرےگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کیلئے  سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔  انہوںنے اسکول ہی نہیں بلکہ آس پاس  کےعلاقہ کو بھی  صاف ستھرا اور فرحت بخش بنانے پر زور دیا۔
سرکاری اسکولوں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے  نے بتایا کہ قومی سطح کے سروے میں  یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہماری ریاست نے کچھ عرصے میں تعلیم میں بڑی اونچائیوں کو چھوا ہے اور مزید ترقی کی طرف گامزن ہے۔ اس کی وجہ سے والدین اور معاشرے کا اعتماد سرکاری سکولوں  پربڑھ گیا ہے۔ طلبہ نے اساتذہ کی رہنمائی میں نئے نئے تجربات کرنے شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ، طلبہ اور معاشرے کے درمیان ہم آہنگی سے تعلیم مزید خوشگوار ہو گئی ہے۔
 مثالی اسکولوں کی تعداد  بڑھانے کی وکالت کی
 ریاست کے تعلیمی شعبے کے  قابل قدر پہلوؤں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جالنہ میں ضلع پریشد سریرامٹنڈا کے اسکول نے ڈراپ آؤٹ کو صد فیصد روکنے اور  نئے داخلوں میں  اضافے میں کامیابی حاصل کی ہے۔   وزیر اعلیٰ نے متعدد مثبت تجربات پر اساتذہ کی تعریف کی اور کہا کہ چندر پور ضلع کے پلڈوہ میں واقع ضلع پریشد اسکول اور  تورنمل کا ضلع پریشد اسکول بغیر کسی تعطیل کے سال کے ۳۶۵؍ دنوں تک چلتا ہے،۲۹؍ وارڈوں کے۱۶۰۰؍ بچوں کیلئے یہ  مثالی رہائشی اسکول بن گئے  ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اعتراف کیا کہ مثالی اسکول اساتذہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے آن لائن خطاب کے دوران موجود اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ  ایسے اسکولوں کی تعداد بڑھانے کا عزم کریں اور باقی ماندہ سرکاری سکولوں کو بھی ترقی کی راہم پر گامزن کریں۔ انہوں  نے اس بات پر زور دیا کہ سماج میں اساتذہ کا مقام بہت بلند ہے اور کوئی بھی تکنالوجی ان کی جگہ نہیں لے سکتی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK