Inquilab Logo Happiest Places to Work

اساتذہ کااحتجاج رنگ لایا،گرانٹ دینے کااعلان

Updated: July 09, 2025, 10:41 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

شردپوار اوراُدھو ٹھاکرے نے آزاد میدان پر مظاہرین سےملاقات کی، ریاستی وزیر گریش مہاجن نے ۱۸؍ جولائی کےبعد گرانٹ کی منتقلی کی یقین دہانی کرائی

A large number of teachers and non-teaching staff members can be seen in the free field.
آزاد میدان میں اساتذہ اور غیرتدریسی عملہ کے اراکین کی بڑی تعداددیکھی جاسکتی ہے

ریاست کے غیر امدادی اسکولوں کو مرحلہ وار گرانٹ فراہم کرنے کےفیصلہ کی خلاف ورزی پر ممبئی سمیت ریاست بھر  کے ہزاروں اساتذہ کے آزاد میدان پر گزشتہ ۲؍دنو ں سے جاری احتجاج نے بدھ کو شرد پوار اوراُدھوٹھاکرے کے دورہ کے بعد نیا رخ لے لیا۔ ان سینئر لیڈران کےدورے سےمظاہرین میں جوش وخروش کی لہر دوڑ گئی۔ حکومت نے بھی فوراً اس معاملہ میں فیصلہ کیااور جاری اسمبلی اجلاس کے ختم ہونے کےبعد گرانٹ جاری کرنےکا اعلان کیا۔ 
  واضح رہےکہ اکتوبر ۲۰۲۴ءمیں ریاست کی ایکناتھ شندے حکومت نے اسمبلی اجلاس میں تقریباً ۵؍ ہزار غیر امدادی اسکولوں کو مرحلہ وار گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیاتھالیکن اب تک ان اسکولوںکو گرانٹ کی رقم نہیں فراہم کی گئی ہے۔ اسلئے اساتذہ نے ۲؍روزہ آندولن کا فیصلہ کیا۔آزاد میدان پر جاری اساتذہ کے دو روزہ احتجاج میں جہاں رکن اسمبلی روہت پوار گزشتہ ۲؍ دنوں سے یہاں خیمہ زن رہے وہیں بدھ کو شرد پوار اور ادھو ٹھاکر ے نے دورہ کرکے اساتذہ کی حمایت کی اور حکومت سے فوری طور پر گرانٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
   اس موقع پر شروپوار نےحکومت کو مشورہ دیا کہ وہ ایک دن کے اندر اساتذہ کے مسئلہ کا حل نکالے۔  اساتذہ نئی نسل کو تعلیم و تربیت دے کر پروان چڑھاتے ہیں۔ یہاں اساتذہ بارش اور کیچڑ میں بیٹھے ہیں،جو ان کے مرتبہ کے مطابق مناسب نہیں ۔ جو اساتذہ بچوںکو علم سے سیکھاتےہیں،انکے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جانا چاہئے، چنانچہ حکومت سے درخواست ہےکہ وہ اساتذہ کی گرانٹ کی رقم فوری طورپر جاری کرے۔ ‘‘ ان کے ساتھ رکن پارلیمان نیلیش لنکا، رکن اسمبلی جتیندر اوہاڈاور بنٹی پاٹل نے بھی اساتذہ سے ملاقات کی۔
 شیوسینا (یوبی ٹی ) کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے کہاکہ ’’ موجودہ حکمران نہیں جانتے کہ گرو کون ہے۔ ان کے گرو دہلی میں بیٹھے ہیں اور گرو کے حکم پر ہمارے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ انہوںنے اساتذہ کو یقین دلایا کہ اگر وہ ایک ساتھ کھڑے ہیں تو ہم ان کے حقوق ملنے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ دہلی کے غلاموں نے مہاراشٹر کے مقامی مراٹھی لوگوں کو کچلنے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ ہم سب کو مل کر ان کو سبق سکھانا چاہئے۔ ‘‘انہوں نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ ’’شیو سینا  پوری طاقت کے ساتھ اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ وہ اسی آزاد میدان میں فتح کا جشن منانے کیلئے جلد ہی دوبارہ ملاقات کریں گے۔ ‘‘  دریں اثناء ٹیچرس کوآرڈینیشن اسوسی ایشن کے وفدکو بدھ کو وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے میٹنگ کیلئے منترالیہ  مدعو کیا۔ جہاں متعدد محکموں کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں تبادلہ خیال کےبعد وزیر اعلیٰ نے اسمبلی اجلاس ختم ہونےکےفوراً بعد  گرانٹ کی رقم منتقل کرنےکی یقین دہانی کروائی ۔
  اس تعلق سےریاستی وزیر گریش مہاجن نے آزاد میدان پر اساتذہ سےملاقات کی اورانہیں میٹنگ کا حوالہ دے کر بتایا کہ ’’ کچھ تکنیکی دشواریوںکی وجہ سے گرانٹ کی  رقم منتقل کرنےمیں تاخیر ہوئی ہےلیکن اب وقت آگیاہےکہ ٹیچروںکے کھاتےمیں گرانٹ کی رقم منتقل کی جائے۔وزیر اعلیٰ فرنویس نے ۱۸؍جولائی کو اسمبلی اجلاس کےختم ہونے کے۲۔۴؍دنوں بعد گرانٹ کی رقم جاری کرنےکی ہدایت متعلقہ محکموں کو دی ہے ،چنانچہ گزارش ہے کہ احتجاج ختم کردیا جائے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK