کمپنیوں کا کہنا ہے کہ یہ برطرفی اے آئی ٹیکنا لوجی، سست معیشت اوراخراجات کو محدود کرنے کے سبب کی گئی ہے
ملک کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ٹی سی ایس ہزاروں ملازمین کو فارغ کرچکی ہے۔ تصویر: آئی این این
دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں ۲۰۲۵ء میں بڑے پیمانے پر برطرفی کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ ویب سائٹ لے آفس ڈاٹ ایف وائی آئی ( Layoffs.fyi )کے مطابق اس سال اب تک۲۱۸؍ کمپنیاں۱۱۲۰۰۰؍ سے زیادہ ملازمین کو فارغ کر چکی ہیں۔ٹی سی ایس، مائیکروسافٹ، اور ایمیزون جیسی بڑی ٹیک کمپنیاں برطرفی میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ یہ برطرفی اے آئی ٹیکنا لوجی، سست معیشت اور اخراجات کو محدود(کاسٹ کٹنگ) کرنے کے سبب کی گئی ہے۔انٹیل، مائیکروسافٹ اور ایمیزون نے سب سے زیادہ ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔
انٹیل نے ۲۴؍ ہزار ملازمتیں ختم کیں
چپ میکر انٹیل نے اپنی عالمی افرادی قوت کو تقریباً۲۲؍فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں تقریباً۲۴؍ ہزار ملازمتیں ختم ہو گئی ہیں۔ امریکہ، جرمنی، کوسٹاریکا اور پولینڈ سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ کمپنی پی سی کی مانگ میں کمی اور اے آئی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے کی وجہ سے یہ قدم اٹھا رہی ہے۔
ٹی سی ایس کی اب تک کی بڑی برطرفی
ہندوستان کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ٹاٹا کنسلٹنسی سروسیز نے ستمبر ۲۰۲۵ء تک۱۹؍ ہزار ۷۵۵؍ ملازمین کو فارغ کردیا۔جو اس کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ آٹومیشن اور اے آئی پر توجہ مرکوز کرنے کی وجہ سے درمیانی اور سینئر سطح کی پوزیشنوں کو ختم کیا جا رہا ہے ۔ ٹی سی ایس کے عہدیداروں کی تعداد اب ۶؍ لاکھ سےسے نیچے آ گئی ہے۔
امیزون نے ۱۴؍ ہزار ملازمین کو فارغ کردیا
دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی امیزون نے ۱۴؍ ہزار کارپوریٹ ملازمین کی برطرفی کا اعلان کیا ہے جو کہ کمپنی کی تاریخ کی سب سے بڑی چھٹنیوں میں سے ایک ہے۔ سی ای او اینڈی جیسی نے کہا کہ کمپنی کو دنیا کے سب سے بڑے اسٹارٹ اپ کی طرح چلایا جا رہا ہے، اس طرح انتظامی تہوں کو کم کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ برطرفی ۳۰؍ ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
مائیکروسافٹ نے ۹؍ ہزار ملازمین کو فارغ کیا
مائیکروسافٹ نے امسال ۹؍ ہزار ملازمین کو فارغ کیا جو اس کی کل افرادی قوت کا۴؍ فیصد ہے۔ یہ اقدام اے آئی اور کلاؤڈ سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے کیا گیا تھا۔ کمپنی کے مطابق، اسے نئے ٹیک رجحانات میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے کچھ محکموں میں کٹوتیاں ضروری ہیں۔
گوگل، میٹا، سیلز فورس میں بھی برطرفی
گوگل نے کلاؤڈ اور اینڈرائیڈ ٹیموں سے سیکڑوں ملازمین کو نکال دیا۔ میٹا (فیس بک) نے اے آئی ٹیم سے ۶۰۰؍افراد کو یہ کہتے ہوئےنکال دیا کہ کم ٹیموں کو زیادہ ذمہ داری دی جائے گی۔ سیلس فورس نے ۴؍ ہزار سپورٹ ملازمتوں کو ختم کیا کیونکہ اس کا اے آئی سسٹم اب آدھے سے زیادہ کسٹمر چیٹس کو سنبھال رہا ہے ۔ اس دوران ڈیلیوری کمپنی یو پی ایس نے سب سے زیادہ ۴۸؍ ہزارملازمین کو برطرف کیا۔ اس میں ۳۴؍ ہزار آپریشنل اور۱۴؍ ہزارانتظامی کردار شامل تھے۔ کمپنی امریکہ میں۹۳؍ مراکز بند کرچکی ہے۔