Inquilab Logo Happiest Places to Work

داخلہ کیلئے رجسٹریشن میں تکنیکی دشواریاں برقرار

Updated: May 26, 2025, 10:53 PM IST | Mumbai

گیارہویں میں ایڈمیشن کیلئے پہلاپارٹ پُرکرنےکیلئے ایک طالب علم کو آدھاگھنٹہ لگ رہا ہے۔ سیکنڈپارٹ کی ویب سائٹ شروع نہیں ہوئی۔ طلبہ فارم ادھورا پُرکرنے پر مجبور

Student registration is being conducted at a center in South Mumbai. (Photo: Inqilabad)
جنوبی ممبئی میں ایک سینٹر پر طلبہ کارجسٹریشن کیا جارہا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے گیارہویں میں داخلہ کیلئے رجسٹریشن کا عمل پیر سے دوبارہ شروع کیاگیالیکن متعلقہ ویب سائٹ کو ایک ساتھ لاکھوں اُمیدواروںکے ذریعے استعمال کرنے سےوہ دن بھر سست روی کا شکار رہی جس کی وجہ سے ایک طالب علم کے رجسٹریشن  کیلئے تقریباً آدھاگھنٹہ لگا۔ ایسی متعدد شکایتیں موصول ہوئی ہیں ۔رجسٹریشن کے فرسٹ پارٹ کو پُرکرنے  میں سست رفتاری سے قطع نظر سیکنڈپارٹ کی ویب سائٹ  دن بھر کام نہیں کرسکی جس سے طلبہ سیکنڈپارٹ نہیں بھرسکے۔متعدد علاقوںمیں تکنیکی دشواریوں کے سبب پہلا پارٹ بھی نہیں بھرا  جاسکا۔سائبر کیفےاور دیگر مراکز پررجسٹریشن کیلئے طلبہ اور والدین کی دن بھر بھیڑرہی جنہوں نے شدید بارش میں بھیگ کر رجسٹریشن کروایا۔
 مدنپورہ کی ایک طالبہ کی والدہ نے بتایاکہ ’’ہمارے علاقہ میں ایک کوچنگ کلاس کے ذریعے مفت میں رجسٹریشن کروانےکی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ ہمیں ۲؍بجے دوپہر میں بلایا  گیا تھا،  وہاں پہنچنے پرمیرا نمبر شام کو ساڑھے ۴؍ بجے آیا۔ متعلقہ ویب سائٹ کی سست رفتاری سے رجسٹریشن کا عمل بڑی مشکل سے پورا ہوا۔ میری بیٹی کا رجسٹریشن تقریباً آدھاگھنٹہ کی تگ ودو کے بعد ہوا۔ کسی طرح پہلا پارٹ تو بھر دیاہے لیکن دوسرے پارٹ کی ویٹ سائٹ متعدد کوششوں کے باوجود شروع نہ ہوسکی جس کی وجہ سے سیکنڈ پارٹ بھرنا باقی ہے ۔‘‘ ا نہوں نے مزید بتایا کہ  مذکورہ کلاس والوںنے کہاہےکہ جب دوسرا پارٹ شروع ہوگاتو وہ بھی بھر دیاجائے گا۔ آن لائن طریقہ کار آسان ہونے کے بجائے پیچیدہ ثابت ہورہاہے جس سے ذہنی کوفت ہورہی ہے ۔ ‘‘
 ناگپاڑہ پرواقع سیم کمپیوٹر کے مالک اشفاق انصاری کےمطابق ’’گیارہویں کے رجسٹریشن کی ویب سائٹ پیرکوپورا دن انتہائی سست رفتاری سے جاری رہی جس کی وجہ سے ایک طالب علم کے رجسٹریشن میںتقریباً ۲۰۔۲۵؍ منٹ کاوقت لگ رہاتھا ۔پہلا پارٹ تو کسی طرح بھر اگیالیکن دوسرا پارٹ دن بھر اوپن نہیں ہوا جس کی وجہ سے ہم نےپہلا پارٹ بھرنےوالے طلبہ کا موبائل فون نمبر لے لیاہے ، جیسے ہی دوسرا پارٹ شروع ہوگا، انہیں اطلاع دے کر ان کا دوسرا پارٹ بھی بھردیا جائے گا۔‘‘
  ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ ’’ اب بھی متعلقہ ویب سائٹ معمول کے مطابق فعال طریقہ سے کام نہیں کررہی ہے ،جس سے طلبہ اور سرپرستوں کو بڑی دقت ہورہی ہے جبکہ اس سے قبل ۱۹؍ مئی کو پہلے مرحلہ میں جب رجسٹریشن کا عمل   شروع کرنے کا اعلان کیاگیاتھا، اس مرتبہ تو ویب سائٹ سرے سے شروع ہی نہیں ہوسکی تھی۔‘‘
 مرکزی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر کی جانب سے بھی گیارہویں میں داخلہ کیلئے فارم بھرنے سے متعلق رہنمائی اور تکنیکی دشواریوں کیلئے ۵؍رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کے ایک رکن نے بتایاکہ ’’متعلقہ ویب سائٹ کی سست رفتاری سے پہلے دن طلبہ ،سرپرستوںاور رجسٹریشن کرنے والے تعلیمی ،سماجی اور دیگر تنظیموں کو بڑی دقتوں کا سامنا کرناپڑا ۔ سیکنڈپارٹ کے دن بھر کام نہ کرنے سے طلبہ کا فارم مکمل طورپر بھر ا نہیں جاسکا جس سے طلبہ اور سرپرستوںمیں مایوسی پائی گئی ۔‘‘ ا نہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ امسال آن لائن فارم پُر کرنے میں کی جانے والی تبدیلیوںاور طریقہ کار سے متعلق معقول معلومات فراہم نہ کئے جانے سے بھی طلبہ اور سرپرستوںمیں کنفیوژ ن برقرار ہے۔ اس بارےمیں بھی شہر ومضافات کے علاوہ ناسک، مالیگائوں ، اورنگ آباداور دیگر اضلاع سے ہمیں طلبہ اور والدین کی جانب سے فون موصول ہورہےہیں ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK