Inquilab Logo

اوورہیڈ وائر میں تکنیکی خرابی ،ٹرین خدمات بری طرح متاثر

Updated: April 13, 2023, 12:42 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

بوریولی اوردہیسر کے درمیان صبح کے مصروف اوقات میںخرابی سے مسافربے حال۔ ۱۸؍سروسیز منسوخ ۔حالات معمول پرآنے میں۲؍ گھنٹے سے زائد وقت لگا

In the picture below, local trains are seen at a standstill, while distressed passengers can also be seen.
زیرنظرتصویرمیں لوکل ٹرینیں رکی ہوئی نظر آرہی ہیں جبکہ پریشان حال مسافروں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ (تصویر: نمیش دوے)

 یہاں اوورہیڈ وائر میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے فاسٹ لائن کی ٹرینیں متاثرہوئیں جس کی وجہ سے مسافروںکوزبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ صبح کے مصروف اوقات میں ٹرین خدمات متاثر ہونے سے مسافروں کوکافی زیادہ دشواری ہوئی اوراسٹیشنوں پر زبردست بھیڑبھاڑ ہوگئی۔اوور ہیڈ میںیہ خرابی بوریولی اور دہیسر کے درمیان ۱۰؍ بجکر۲؍ منٹ پر پیدا ہوئی اورحالات معمول پرآنے میں۲؍ گھنٹے سے زائد وقت لگا۔
 خرابی اوراس سے پیدا شدہ حالات کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ۳؍ لوکل ٹرینیں ایک کے پیچھے ایک رک گئیںجس سے مسافر ان ٹرینوں میں پھنس گئے۔میرا روڈ میں شیڈول کے مطابق ۱۱؍بجکر ۲۰؍ منٹ کی ٹرین ۱۲؍بجکر ۵؍منٹ پرآئی جس سے مسافروں کاٹرین میںسوار ہونا دشوار ہوگیا۔ اعلانات کے ذریعے مسافروں کومطلع کیا گیا لیکن مسافروں کی شکایت ہے کہ حالات کی صحیح جانکاری کے بجائے ٹرینوں کے اندر اسکرین پردوسرے اعلانات اور اشتہارات کی تفصیلات بتانے کاسلسلہ جاری تھا۔مسافر کافی دیر تک یہ سمجھ ہی نہیںپائے کہ آخر ٹرین آگے کیوں نہیں بڑھ رہی ہےاور صاف طریقے سے یہ بتایانہیں جارہاتھاکہ کیا خرابی پیدا ہوئی ہے ا ورمسافر کیا کریں۔ 
 ویسٹرن ریلوے کےچیف پی آر او سمیت ٹھاکورنے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’یہ خرابی ۱۰؍بجکر ۲؍منٹ پرپیدا ہوئی اور۱۱؍بجکر ۳۵؍ منٹ پردرست کی گئی ،اس کےبعد پہلی فاسٹ ٹرین گزاری گئی۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’اوورہیڈوائر میںتکنیکی خرابی کی اطلاع ملتے ہی اسے درست کرنے کا کام شروع کیا گیا اورخصوصی دستہ لگاکر مرمت کروائی گئی لیکن بجلی منقطع کرنے اورخرابی دور کرنے میں ایک گھنٹہ ۳۳؍ منٹ لگا ۔ اس  دوران ۱۸؍سروسیز منسوخ کرنے کے علاوہ فاسٹ لائن کی ٹرینو ں کودھیمی رفتار  والی پٹری پر موڑ ا گیاتاکہ اپ فاسٹ لائن کی ٹرینیںتاخیر سے ہی سہی ،چلائی جاسکیں۔‘‘ 
 انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ چونکہ ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقت تک فاسٹ لائن اورسلو لائن کی ٹرینیں  بوریولی اور دہیسر سے آگے تک ایک ہی لائن پرچلائی گئیں، اس لئے ٹرینوں کی آمدورفت میں اوربھی خلل واقع ہوا۔ دوپہر ۱۲؍ بجے کے بعد حالات پوری طرح سے معمول پر آگئے۔‘‘ چیف پی آر اونے مزیدکہاکہ ’’ خرابی اچانک پیدا ہوئی تھی اس لئے مسافروں کوہونے والی پریشانی سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، اس کے باوجود یہ کوشش کی گئی کہ پیدا شدہ خرابی جلد سے جلد دور کی جائے اورسلو اور فاسٹ لائن کی ٹرینیں اپنے اپنے روٹ پرچلائی جاسکیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK