اسلامی جمہوریہ نےا سے اپنےنیوکلیائی ٹھکانوں پر حملے کا انتقام قراردیا، اس اعلان کو دہرایا کہ ’’آغاز آپ نے کیا ہے، ختم ہم کریں گے‘‘
EPAPER
Updated: June 24, 2025, 12:16 AM IST | Tehran
اسلامی جمہوریہ نےا سے اپنےنیوکلیائی ٹھکانوں پر حملے کا انتقام قراردیا، اس اعلان کو دہرایا کہ ’’آغاز آپ نے کیا ہے، ختم ہم کریں گے‘‘
امریکہ کے ذریعہ نیوکلیائی ٹھکانوں پر حملے کا انتقام لیتے ہوئے تہران نے پیر کو پوری جرأت مندی کے ساتھ قطر اور عراق میں اس کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایرانی فوج نے حملے کا ویڈیو فوٹیج بھی ’ایکس ‘پر شیئر کیا ہے۔
پیر کو دن میں ہی ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عبدالرحیم موسوی نے اشارہ دے دیا تھا کہ ایران بہت جلد امریکی مفادات کو نشانہ بنائےگا۔امریکہ کے ۲؍ اعلیٰ حکام نے بھی ندیشہ ظاہر کیاکہ ایران مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کے خلاف جلد جوابی کارروائی کر سکتا ہے۔اس بیچ واشنگٹن اس بات کی کوشش میں مصروف ہے کہ تہران کو حملے سے باز رکھتے ہوئے معاملے کو سفارتکاری کے ذریعہ حل کیا جائے۔
ایرانی فوج کے سربراہ موسومی نے کہا ہے کہ ’’امریکہ جنگ میں براہ راست اور واضح طور پر شریک ہوچکا۔ اس کے مفادات پر حملے کیلئے ہمارے ہاتھ کھل گئے ہیں۔ ‘‘ اس بیچ ایرانی فوج کے ترجمان ابراہیم ذو الفقاری نے امریکی صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ آپ نے جنگ شروع کی ہے ، ختم ہم ہی کریں گے۔‘‘ ایران سفارتکاری کو مسترد کرتے ہوئے امریکہ کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں نے حالات کو نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ایرانی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہےکہ’’ اس جارحانہ اقدام نے ایران کی مسلح افواج کیلئے جائز اہداف کی فہرست بڑھا دی ہے اور اس کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’امریکی حملے نے خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کی راہ ہموار کردی ہے۔‘‘