Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۰۱۴ء کے بعد تمام آئینی ادارے یرغمال بنالئے گئے: تیجسوی

Updated: June 09, 2025, 5:51 PM IST | Patna

بہار میں اپوزیشن لیڈر نے راہل گاندھی کے موقف کی تائید کی اور ان کے اندیشوں کو درست قرار دیا۔

Leader of Opposition in Bihar Assembly Tejashwi Yadav. Photo: INN.
بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو۔ تصویر: آئی این این۔

کانگریس کے رکن پارلیمان اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کی جانب سے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات ۲۰۲۴ء پر اٹھائے گئے سوالات کے بعد سیاسی ماحول میں شدت آ گئی ہے۔ راہل گاندھی نے ایک مضمون کے ذریعے الزام لگایا کہ مہاراشٹر کے انتخابات میں ’میچ فکسنگ’ کی گئی تھی اور اب بی جے پی یہی طرزِ عمل بہار میں بھی اپنانا چاہتی ہے۔ 
راہل گاندھی کے اس مضمون کے شائع ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ تاہم، بہار کی اہم اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے راہل گاندھی کے مؤقف کی تائید کی۔ اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بہار اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف تیجسوی یادو نے کہا کہ راہل گاندھی نے بالکل درست اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ عوام کو اس طرح شکوک و شبہات ہونا فطری ہے کیو نکہ ۲۰۱۴ء کے بعد سے تمام آئینی ادارے ایک مخصوص نظریے کے ماتحت ہو چکے ہیں۔ 
تیجسوی یادو نے مزید الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن جب انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتا ہے، اس سے پہلے بی جے پی کا آئی ٹی سیل اس کی مکمل معلومات رکھتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئینی اداروں کو دیانت داری سے اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو۔ 
انہوں نے کہا کہ جب یہ ادارے برباد ہو جائیں گے تو عوام کو انصاف کہاں سے ملے گا؟ تیجسوی یادو نے ۲۰۲۰ء کے بہار اسمبلی انتخابات کی مثال دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس وقت آر جے ڈی اتحاد نے حکومت بنا لی تھی لیکن شام کو ووٹوں کی گنتی روک دی گئی اور رات کی تاریکی میں دوبارہ شروع کی گئی۔ اس دوران الیکشن کمیشن نے تین مرتبہ پریس کانفرنس کر کے وضاحتیں پیش کیں۔ ان کے بقول، الیکشن کمیشن اب بی جےپی کے ایک شعبہ کی طرح کام کر رہا ہے، اس لیے سوالات اٹھنا لازمی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK