Inquilab Logo

گری راج سنگھ کے جعلی خبر پوسٹ کرنے پر تیجسوی ناراض

Updated: August 13, 2022, 11:27 AM IST | Agency | Patna

بہار کے نائب وزیراعلیٰ نے مرکزی وزیر پر طنز کیا ’’ لمبی چوٹی رکھ لینے سے کوئی گیانی نہیں بن جاتا، آپ کی ایسی ہی حرکتوں کے سبب بی جے پی کی یہ درگت ہوئی ہے۔‘‘

Nitish Kumar and Tejashwi Yadav are now on a path.Picture:Agency
نتیش کمار اور تیجسوی یادو اب ایک راہ پر ہیں تصویر:ایجنسی

بی جے پی لیڈران جعلی خبریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے بالکل بھی گریز نہیں کرتے بلکہ اس کی بنا پر غلط فہمیاں پھیلانا انہوں نے اپنی عادت بنالی ہے۔ اس کی ایک مثال جمعہ کو بھی سامنے آئی جب مرکزی  وزیر گری راج سنگھ نے  تیجسوی یادو کے ایک ٹی وی انٹرویو کا ایڈیٹ کیا ہوا ویڈیو ٹویٹر پر پوسٹ کیا۔  لیکن فوراً تیجسوی یادو نے اس ویڈیو کا جواب اصل ویڈیو کو پوسٹ کرکے دیا اور گری راج سنگھ پر طنز بھی کیا۔   یاد رہے کہ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو جب اپوزیشن میں تھے تو انہوں نے اعلان کیا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آ گئے تو  بہار میں ۱۰؍ لاکھ لوگوں کو ملازمت دیں گے۔ گزشتہ دنوں نتیش کمار کے بی جے پی کا ساتھ چھوڑنے کے بعد آر جے ڈی دوبارہ حکومت میں شامل ہو چکی ہے اور تیجسوی یادو اب ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ہیں۔ ایسی صورت میں میڈیا  پر ہر طرف ۱۰؍ لاکھ نوکریوں ہی کے چرچے ہیں۔ ہر صحافی ان سے اسی بارے میں سوال پوچھ رہا ہے۔ اے بی پی  نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بھی  ان سے ۱۰؍ لاکھ ملازمتوں کا سوال کیا گیا جس کا انہوں نے تفصیلی جواب  دیا مگر گری راج سنگھ نے ان کے آدھے ادھورے ویڈیو کو پوسٹ کرکے الزام لگایا کہ تیجسوی اپنے وعدے سے مکر گئے ہیں۔    گری راج سنگھ نے جمعہ کو ایک ایڈیٹیڈ ویڈیو شیئر کیا جس  میں تیجسوی کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ’’ ۱۰؍ لاکھ نوکریوں کا وعدہ ہم نے وزیراعلیٰ بننے کے بعد کیا تھا ، ابھی تو ہم نائب وزیر اعلیٰ ہیں۔‘‘ گری راج سنگھ ٹویٹر پر اسے شیئر کرتے وقت کیپشن لگایا تھا ’’  ۱۰؍ لاکھ نوکریوں کا ہم نے جو وعدہ کیا تھا وہ ہم وزیر اعلیٰ بننے کے بعد پورا کریں گے ، ابھی تو ہم نائب وزیراعلیٰ بنے ہیں۔‘‘    ظاہر ہے اس پوسٹ سے یہی لگ رہا تھا کہ تیجسوی اپنے وعدے سے مکر گئے ہیں اور بہار کے نوجوانوں کو ملازمت کیلئے ابھی تیجسوی یادو کے وزیراعلیٰ بننے تک انتظار کرنا ہوگا۔   لیکن تیجسوی یادو نے فوراً اس ویڈیو کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’’ شریمان جی! اتنے بے شرم نہ بنیں، ایک فٹ لمبی چوٹی رکھ لینے سے کوئی گیانی (عالم) نہیں ہو جاتا۔ ‘‘ اتنا ہی نہیں انہوں نے آگے لکھا ’’ آپ لوگوں کی اسی چرکٹ  حرکتوں، ایڈیٹیڈ ویڈیو اور سڑک چھاپ بیانات کی وجہ سے بی جے پی کی درگت ہوئی ہے کہ اسے بہار میں کوئی چہرہ ہی نہیں  مل رہا ہے۔‘‘  اس کے ساتھ ہی تیجسوی نے اپنے انٹرویو کا اصل ویڈیو پوسٹ کیا ہے اور آگے لکھا ہے ’’ باقی، تب تک یہ   اس پورے ویڈیو کو سن کر خوشی منائیے! تیجسوی نے جو ویڈیو شیئر کیا ہے اس میں ان کا پورا بیان واضح طور پر دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ ’’ہم نے جو ۱۰؍ لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، تو بولے تھے کہ وزیر اعلیٰ بنیں گے تب دیں گے۔ ابھی تو ہم نائب وزیر اعلیٰ ہیں۔ لیکن وزیر اعلیٰ(نتیش کمار) نے ہم سے تبادلۂ خیال کیا ہے کہ وہ اس معاملہ پر سنجیدہ ہیں۔ افسران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ نوکریاں دی جائیں۔‘‘ تیجسوی یادو انٹرویو میں آگے کہتے ہیں ’’ابھی تو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہے، حکومت تشکیل دی جائے گی۔ اس کے بعد لوگوں کے کام کئے جائیں گے۔ سب لوگ سنجیدہ ہیں۔‘‘  آرجے ڈی کے نوجوان لیڈر نے آگے وضاحت کی کہ ’’ہمارے ہاتھوں ہوگا، یا پھر نتیش کمار جی کے ہاتھوں ہوگا۔ نوجوانوں کے سوال تھے، جس کے لئے ہم لڑتے رہے ہیں، ان کو ہم نوکری دے پائیں۔ وزیر اعلیٰ کریں گے تو ہمیں زیادہ خوشی ہوگی۔‘‘ یعنی تیجسوی نے کہیں بھی اپنے وعدے سے انکار  نہیں کیا ہے بلکہ ویڈیو میں وہ واضح طور پر  اپنے وعدے کو پورا کرنے کی بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔  ملک میں اب یہ معمول کی بات ہوگئی ہے   ، ورنہ ایک مرکزی وزیرکا یوں جعلی خبریں پھیلانا( جیسا کہ گری راج نے کیا) قانونی طور  پر بہت بڑی بات ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK