Inquilab Logo

تیجسوی کی’جن وِشواس یاترا‘ کا آغاز، ۳۱؍ اضلاع کا دورہ کریں گے

Updated: February 21, 2024, 10:27 AM IST | Muzaffarpur

روزانہ تین ضلعوں کے عوام سے ملاقات کا منصوبہ، پارٹی میں جوش و خروش، مظفر پور میں تیجسوی کا خطاب، کہا: آر جے ڈی صرف ’مائی‘ کی نہیں ’باپ‘ کی بھی پارٹی ہے

Bihar opposition leader Tejashwi Yadav addressing the public in Muzaffarpur (Photo: PTI)
مظفر پور میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو(تصویر: پی ٹی آئی)

بہار میں سیاسی مساوات کے تبدیل ہوتے ہی ریاست کے سابق نائب وزیراعلیٰ اور موجودہ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو ریاست گیر دورے پرنکل گئے ہیں۔ اس دورے کو انہوں نے ’جن وشواس یاترا‘ کا نام دیا ہے۔ اس کے تحت وہ ۱۰؍ دنوں میں ۳۱؍ اضلاع کا دورہ کریں گے۔  یاترا کے پہلے دن مظفرپور میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ آر جے ڈی صرف ’مائی ‘ کی نہیں ’باپ‘ کی بھی پارٹی ہے۔ اس کے بعدانہوں نے دونوں کا مطلب بھی سمجھایا۔ ان کے اس دورے سے جہاں آر جے ڈی کارکنوں میں زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے، وہیں  بہار کی حکمراں جماعت کافی پریشان دکھائی دے رہی ہے۔ تیجسوی کے دورہ کا آغاز ہوتے ہی  بی جے پی اور جے ڈی یو کے لیڈروں کی تنقید یں بھی شروع ہوگئی ہیں  ۔ انہوں نے ’مائی‘ اور’باپ‘ کے بیان پر بھی واویلا مچایا ہے اور اسے رابڑی دیوی اور لالو یادو سے منسوب کیا ہے۔  
  بہرحال اس یاترا کے ذریعہ تیجسوی نے لوک سبھا انتخابات سے قبل عام لوگوں تک پہنچنے کا ذہن بنا لیا ہے۔ اس یاترا کا آغاز ۲۰؍ فروری یعنی منگل سے شروع ہوا ہے اور یہ ۲۹؍ فروری کو ختم ہوگا۔ اس دوران یومیہ تین تین اضلاع کے عوام سے تیجسوی ملاقات کریں گے۔ منگل کی صبح۹؍ بجے پٹنہ سے مظفر پور کیلئے روانہ ہوئے اور ۱۱؍ بجے مظفر پور میں عوام سے خطاب کیا۔ اس کے بعد انہوں نے شیوہر کے سیتامڑھی میں ایک جلسہ عام بھی  خطاب کرنے کے بعد روڈ شو بھی کیا۔ بعد ازاں موتیہاری میں رات کو قیام کیا۔ پروگرام کے مطابق۲۱؍ فروری کو وہ موتیہاری،  بتیا اور گوپال گنج جائیں گے اور پھر رات کو سیوان میں قیام کریں گے۔اس طرح یہ سلسلہ ۲۹؍ فروری تک جاری رہے گا۔
  یاترا کے دورانتیجسوی یادو عوام کو لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے عظیم اتحاد کے ایجنڈے کے بارے میں بتائیں گے۔  اس یاترا میں وہ جہاں مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کریں گے، وہیں اپنی ڈیڑھ سالہ حکومت کی کارگزاریاں بھی بتائیں گے۔ ان کی اس یاترا کوعظیم اتحاد کی دیگر جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔
 یاترا کے آغاز سے قبل آر جے ڈی کے  رکن اسمبلی بھائی ویریندر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئےبتایا کہ ’’ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اس یاترا کے دوران ۱۷؍  مہینوں میں عظیم اتحاد کی حکومت کے دوران تیجسوی یادو اور آر جے ڈی وزیروں کوٹے  کے تحت ہونے والے کاموں کا جائزہ پیش کریں گے اور عوام کو بتائیں گے کہ جن ۱۰؍ لاکھ ملازمتوں کا ہم نے وعدہ کیا تھا ،ان میں سے ۴؍ لاکھ نوکریاں دی گئیں۔‘‘ انہوں نےکہا کہ  بہار میں لوک سبھا کی۴۰؍ سیٹیں ہیں اور ان میں سے عظیم اتحاد زیادہ تر سیٹیں  جیتے گاکیونکہ عوام جانتے ہیں کہ ریاست کیلئے کون بہتر ہے؟

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK