Inquilab Logo

’’جے ڈی یو ۲۰۲۴ء ہی میں ختم ہوجائے گی‘‘

Updated: January 29, 2024, 12:10 PM IST | Shahid Iqbal | Patna

بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کا انتباہ ، کہا : کھیل ابھی باقی ہے،میں جوکہتا ہوں اسے پورا کرتا ہوں۔

Tejashwi Yadav addressing the media. Photo: PTI
تیجسوی یادو میڈیا سے خطاب کرتےہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

تیجسوی یادو کے مطابق جے ڈی یو ۲۰۲۴ءہی میں ختم ہوجائے گی۔ نتیش کمار کے مہا گٹھ بندھن سے الگ ہوکر بہار میں نئی حکومت کی تشکیل کےبعد ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نےمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’کھیل ابھی باقی ہے، میں جوکہتا ہوں اسے پورا کرتا ہوں، جنتادل یونائیٹڈ ۲۰۲۴ء میں ہی ختم ہوجائےگی۔ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ ہم نے حکومت امید کے ساتھ بنائی تھی اور اس کے مطابق عوام کیلئے کام بھی کر رہے تھے۔ ہم بی جے پی کو مبارکباد دیتے ہیں کہ انہوں نے جنتادل یو کو اپنے ساتھ لےلیاہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ سنا ہے کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ کام وہ کر رہے تھے اور اس کا کریڈٹ دوسرے لوگ لے رہے تھے اور ہمیں کام کرنے میں کچھ دنوں سے دقت ہو رہی تھی۔ ‘‘ 
 تیجسوی یادو نے یہ بھی کہا، ’’نتیش کمارپہلے بھی ہمارے لئے بڑے تھے اور آگے بھی رہیں گے، لیکن میں نے جو کام کیا ہے اسے عوام کو تو ضرور بتائیں گے۔ ‘‘میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ان کاکہناتھا، ’’ ہم نے اپنے لوگوں سےکہا ہے کہ آپ لوگ صبر سے کام لیجئےلیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہےکہ عوام ۱۷؍ سال بمقابلہ ۱۷؍ مہینے کے کام کا جائزہ ضرور لیں گے۔ ہم نے نوجوانوں، بے روزگاروں اورصحت خدمات میں جو کام کئے ہیں وہ عوام کے سامنے ہیں۔ ‘‘اپنے کام کو گنواتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا، ’’ ۱۷؍ سال سے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہی تھے لیکن نوکریوں کے سوال پر ان کے ساتھی کہا کرتے تھے کہ فنڈ ہی نہیں ہے تو نوکریاں کہاں سے دی جائیں گی؟ لیکن ہم لوگوں کے ساتھ آنے کے بعد سب کچھ ہوا۔ تعلیم، اسپتال اور کھیل وغیرہ کا محکمہ راشٹریہ جنتادل کے پاس تھا۔ اس میں ہزاروں کی تعداد میں نوکریاں دی گئی ہیں۔ آج اسپتالوں کی صورت دیکھنے کے لائق ہے۔ پہلے کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ چند مہینوں میں اتنے بڑے پیمانے پر کام ہوسکتا ہےمگر ہم نے مل کر وہ کام کیا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK