گزشتہ رات ۱۰؍ بجے تل ابیب (اسرائیل) کے ایک ریلوے اسٹیشن پر ۲؍ افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس میں ۸؍ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شوٹرز فلسطینی تھے۔ تاہم، اس ضمن میں اسرائیلی پولیس نے کوئی بیان نہیں جاری کیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی شہر تل ابیب کے ایک لائٹ ریل اسٹیشن پر دو مسلح افراد نے گزشتہ رات فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کم از کم ۸؍ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ اسرائیل میں طبی حکام نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم از کم ۱۰؍ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق رات ۱۰؍ بجے اس وقت ہوا جب بندوقوں سے لیس دو افراد جنوبی تل ابیب کے شہر جافا میں ایک لائٹ ریل اسٹیشن میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی۔
یہ بھی پڑھئے:پوری دُنیا نے بیک زبان جنوبی لبنان پر اسرائیل کی فوج کشی کی مخالفت کی
پولیس نے بتایا کہ حملہ کرنے والے دو افراد بعد میں مارے گئے۔ تاہم، اس تفصیل کے بارے میں نہیں بتایا گیا کہ بندوق بردار فلسطینی تھے یا نہیں البتہ متعدد میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں ہی گن مین فلسطینی تھے۔ خیال رہے کہ یہ حملہ اسرائیل پر فلسطینی مزاحمتی حملے کو ایک سال مکمل (۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء) ہونے سے چند دن پہلے ہوا ہے جس کے نتیجے میں غزہ جنگ شروع ہوئی اور اس کے بعد اب لبنان جنگ شروع ہوگئی ہے۔