اس کا مقصد غیر ضروری بھیڑ کو ختم کرنا اور بیرون ممالک کےعازمین حج کوزیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے
Updated: June 25, 2022, 1:37 PM IST | Agency | Riyadh
اس کا مقصد غیر ضروری بھیڑ کو ختم کرنا اور بیرون ممالک کےعازمین حج کوزیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے
حج سیزن کی وجہ سے سعودی شہریوں اور تارکین وطن کیلئے عمرہ ادا پرعارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پابندی کا نفاذ جمعہ ۲۴؍ جون سے کیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے اندرون مملکت سے عمرہ پرآنے والوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے عازمین حج کی سہولت کیلئےسعودی عرب میں مقیم افراد کیلئے عمرہ عارضی طورپربند کردیا گیا ہے۔وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا ہے کہ ان دنوں بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج ہی کو عمرہ کرنے کی اجازت ہوگی۔سعودی عرب میں مقیم ملکی اور غیر ملکی شہریوں کو۲۰؍ ذوالحجہ سے عمرہ کی اجازت دی جائے گی ۔ عارضی پابندی کا مقصد زیادہ سے زیادہ تعداد میں بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو عمرہ ادا کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کسی دشواری کے بغیر کے عمرہ ادا کرسکیں۔ واضح رہے کورونا وائرس کے سبب گزشتہ۲؍ برس سے بیرون مملکت سے عازمین حج کی آمد پرپابندی عائد تھی۔امسال کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونےکے بعد مجموعی طورپر۱۰؍ لاکھ عازمین کو حج کی اجازت دی گئی ہے جن میں سے۸؍ لاکھ۵۰؍ ہزار عازمین حج کا تعلق دیگر ممالک کے سے ہے۔ ۲۴؍جون سے عائد کی جانے والی پابندی سے قبل توکلنا اور اعتمرنا ایپ پرعمرہ پرمٹ جاری کئے جارہے تھے لیکن پابندی عائد کئے جانے کے بعد عمرہ پرمٹ کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔حج پرمٹ کے بغیر کوئی شخص مکہ مکرمہ نہیں جاسکتا۔ روزگار کے سلسلے میں بھی مکہ مکرمہ جانے والے افراد خصوصی پرمٹ کے بغیر وہاں نہیں جاسکتے جن میں سعودی شہری بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ ہربرس حج سیزن کے دوران عام افراد کے مکہ مکر مہ میں داخلے پرپابندی عائد کی جاتی ہے جس کا مقصد مکہ میں غیر ضروری بھیڑ کو ختم کرنا اور بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کوزیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔