• Mon, 17 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور میں بی جے پی وارڈ صدر کے قتل کے بعد شہر میں کشیدگی

Updated: November 17, 2025, 12:28 PM IST | Ali Imran | Nagpur

مشتعل شہریوں نے کانجی ہاؤس علاقے میںراستہ روکو آندولن کیا، ملزم کے گھر پر بلڈوزر چلانے کا مطالبہ بھی کیا۔

Protesters can be seen on the road in the Kanji House area. Photo: INN
مظاہرین کانجی ہاؤس علاقے کی سڑک پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر:آئی این این

ناگپور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک وارڈ صدر کا قتل کر دیا گیا ہے۔ متوفی کی شناخت سچن عرف سونو اوم پرکاش شاہو (عمر ۴۰، ساکن شاہو محلہ، ورنداون نگر) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ چونکا دینے والا واقعہ سنیچرکو یشودھرا نگر پولیس تھانے کی حد میں اینٹ بھٹی چوک علاقہ میں پیش آیا۔ قتل کی مذمت اور ملزم کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کے مطالبے کے تحت مشتعل شہریوں نے اتوار کو کانجی ہاؤس علاقے میں راستہ روکو آندولن کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پہلے تو ملزم کے گھر پر بلڈوزر چلا دیا جائے اور اس کے بعد اُسے پھانسی دی جائے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق سچن کے بیٹے پریت کی سنیچر کو پہلی سالگرہ تھی۔ اس نے شام کو اپنے رشتہ داروں اور بچوں کے لئے ایک پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔ سچن نے صبح بی جے پی کی ایک اہم میٹنگ میں بھی شرکت کی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سچن اینٹ بھٹی چوک پر واقع ایک ہوٹل میں ناشتے کا آرڈر دینے کے بعد موٹر بائیک پر گھر لوٹ رہا تھا۔ کچھ فاصلے پر دو بائیک پر سوار چار نوجوانوں نے سچن کو روکا۔ دونوں نے اس پر تیز دھار ہتھیاروں سے کئی وار کیے۔ سچن خون میں لت پت نیچے گرا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس دوران قاتل موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی یشودھرا نگر پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے پنچ نامہ کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ اس معاملے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔ اطلاع کے مطابق اس قتل کے پیچھے پرانی رنجش بتائی جارہی۔ سچن عرف سونو اوم پرکاش شاہو بی جے پی کا سرگرم عہدیدار تھا۔ عین مقامی انتخابات سے قبل سچن کے قتل سے اس کے حامی مشتعل ہوگئے اور اتوار کو ہزاروں کی بھیڑ نے کانجی ہاؤس علاقے میں سڑک بلاک کر دی۔ مشتعل بھیڑ کا مطالبہ تھا کہ ملزم کے گھر پر بلڈوزر چلا کر اُسے پھانسی کی سزا دی جائے۔ کئی گھنٹے تک سڑک بلاک رہنے سے عام شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران پولیس کے اعلیٰ افسران نے مشتعل بھیڑ کو یقین دلایا کہ تمام ملزمین کو بہت جلد گرفتار کرکے کڑی سے کڑی کارروائی کی جائے گی۔ جس کے بعد پولیس نے مجتمع بھیڑ کو سڑک سے ہٹایا اور آمد ورفت کے لئے راستہ صاف کیا گیا۔ پولیس اس معاملے میں مزید تحقیقات کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK