Inquilab Logo

بوریولی میں بھیانک آتشزدگی ، ۲؍افراد ہلاک ،۳؍زخمی

Updated: October 24, 2023, 9:40 AM IST | Inquilab News Network | Borivali

یہاں کے مہا ویرنگر میں واقع ۸؍منزلہ رہائشی عمارت ویناسنتور کوآپریٹیوہائوسنگ سوسائٹی کی پہلی منزل پر واقع ایک فلیٹ میں آگ لگنے سے ۲؍افراد کی موت ہوگئی۔اس آتشزدگی میں۳؍ افرادشدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

Firemen can be seen near the building. Photo: Anurag Ahire
بلڈنگ کے پاس فائر مین کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر:انوراگ اہیرے

یہاں کے مہا ویرنگر میں واقع ۸؍منزلہ رہائشی عمارت ویناسنتور کو آپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹی کی پہلی منزل پر واقع ایک فلیٹ میں آگ لگنے سے ۲؍افراد کی موت ہوگئی۔ اس آتشزدگی میں۳؍ افرادشدید زخمی  بھی ہوئے ہیں۔ شہری انتظامیہ کے مطابق پیر کی رات ساڑھے ۱۲؍بجے لگنے والی آگ نے تیزی سے پہلی منزل کے فلیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، بعد ازاں اسی منزل پر بجلی کےتاروں اور تنصیبات تک آگ پھیل گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی فائر بریگیڈ کی۴؍ فائر انجن اور دیگر آگ بجھانے والی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ فائر عملے کی آگ پر قابو پانے کیلئے کی جانے والی انتھک کوشش سے آگ پر صبح ۴؍بجکر ۵۰؍ منٹ پر قابو پایا جاسکا۔ 
بی ایم سی ڈزاسٹرمینجمنٹ کے مطابق آگ سے۵؍ افراد زخمی ہوئے تھے، جن میںگلوری والفاٹی (۴۳)اور جوسو جیمس رابرٹ کوڈاکٹروں نے اسپتال داخل کرنے سے قبل مردہ قرار دے دیا۔ دیگر۳؍زخمیوں میں لکشمی بورا (۴۰)، راجیشوری بھرتارے (۲۴) اور رنجن سبودھ شاہ (۷۶) شامل ہیں۔ان میں سے بھرتارے کی حالت نازک ہے کیونکہ وہ ۱۰۰؍ فیصد جھلس گئی ہیں جبکہ بورااور شاہ ۵۰۔۴۵؍فیصد جھلسے ہیں۔ ان کاعلاج کاندیولی کے شتابدی اسپتال میں جاری ہے۔
اس واقعہ نے ممبئی بھر کی رہائشی عمارتوں میں آگ سے نمٹنے کیلئے حفاظتی  اقدامات اور چوکسی کی ضرورت کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔ یاد رہے کہ اسی ماہ گوریگاؤں میں اسی طرح کا  ایک اور تباہ کن آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ۷؍ منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے کی وجہ سے ۷؍ جانیں تلف ہوئی تھیں اور ۴۰؍سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK