Inquilab Logo

ممبئی اور تھانے میں بھیانک آتشزدگی، ۲؍ مزدور زخمی

Updated: April 18, 2024, 11:31 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

رے روڈ کے انڈسٹریل اسٹیٹ میں لاکھوں کا مال خاکستر ۔ پوائی میں۱۵؍جھوپڑے جلے ۔کلوا میں زیرتعمیرعمارت کے شیڈمیں آگ لگی۔

Scene of horrific fire at Devi Dayal Compound. Local people are also gathered. Photo: Inquilab
دیوی دیال کمپاؤنڈ میں بھیانک آتشزدگی کا منظر۔ مقامی افراد بھی جمع ہیں۔ تصویر: انقلاب

یہاں کے ۳؍  مقامات پر آگ لگنے کے واقعات ہوئے جن میں ایک حادثہ میں ۲؍ مزدور  زخمی ہوگئے۔ جنوبی ممبئی کے رے روڈ میں ایک انڈسٹریل اسٹیٹ میں آتشزدگی میں  لاکھوں روپے کا مال خاکستر ہوگیا جبکہ پوائی میں تقریباً ۱۵؍ جھوپڑے جل گئے۔اسی طرح تھانے کے کلوا علاقے کی ایک زیرتعمیر عمارت کے شیڈ میں آگ لگنے سے مزدور زخمی ہوگئے۔ ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔  
’’آگ کپڑے کے کارخانے میں لگی تھی‘‘
رے روڈ ، دارو خانہ ،دیوی دیال کمپائونڈ میں جمعرات کی صبح ۱۰؍ بجکر ۴۰؍ منٹ پر اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ، بی ایم سی ،پولیس، بیسٹ  اور ایمبولنس  عملے وہاں پہنچ گیا۔ آگ تیسرے لیول کی تھی جس پر فائربریگیڈ نے قابو پالیا۔
دیوی دیال کمپائونڈ میں فرنیچر کا کاروبار کرنےوالےمحمد ناظم منصوری نے اس نمائندے کوبتایاکہ ’’جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے ۱۰؍بجے ایک کپڑے کے کارخانےمیں اچانک لگنےوالی آگ سے پورے دیوی دیال کمپائونڈ میں افراتفری مچ گئی۔کپڑے کے  جس کارخانےمیں آگ لگی تھی، اس سے متصل ۵؍ گالے آگ کی لپیٹ میں آگئے جن کا سامان بھی جل کرتباہ ہوگیا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’چونکہ یہاں بڑے بڑے شیڈمیں گالے ہیں   اس لئے شعلے  شیڈ کے اندر ہی اُٹھتے رہے  جس کی وجہ سےبیشتر گالوںمیں دھواں بھر جانے سے لوگوںکوسانس لینے میں تکلیف کاسامنا کرنا پڑا۔ جن گالوں میں آگ لگی تھی ،ان سبھی گالوںکے ملازمین کو بحفاظت باہر نکال  لیا گیا تھا۔ حادثہ میں کسی کے زخمی ہونےکی اطلاع نہیں ہے۔ ‘‘
  ناظم منصوری کے مطابق ’’ آگ بھیانک تھی۔میرا فرنیچر بنانے کا گالا بھی مذکورہ گالوں سے متصل ہے لیکن اللہ کے فضل سےوہ   حادثہ میں محفوظ رہا۔ آگ لگنے کی وجہ نہیں معلوم ہوسکی ہے۔  فائر بریگیڈ عملےکے آنے سے قبل مقامی نوجوانوں نے اپنے طورپر آگ بجھانےکی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی ۔بعدازیں  فائر بریگیڈ  نے  متواتر ۳؍گھنٹےکی مشقت کے بعد آگ پر قابوپایا۔ حادثہ کی وجہ سے دیوی دیال کمپائونڈ کی بجلی منقطع کردی گئی ہے  جس کی وجہ سے لوگ اندھیرےمیں رہنےپر مجبور ہیں۔ ‘‘
 میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ  محکمے کےمطابق ’’ دیوی دیال کمپائونڈ میں جمعرات کی صبح ۱۰؍بجکر ۴۰؍ منٹ پر آگ گرائونڈ پلس ون کے شیڈ نما ڈھانچہ کے ایک گالامیں لگی تھی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: پرانے درختوں کوکاٹنے اور تراشنے میں میونسپل ملازمین کو دقتوں کا سامنا

پوائی میں  ۱۵؍ جھوپڑوں کو نقصان پہنچا
بی ایم سی نے بتایا کہ صبح  ۱۱؍بجکر ۱۹؍منٹ پرممبئی کے علاقے پوائی میں ہیرانندنی کے قریب ۹۰؍ فٹ روڈ کی جھوپڑپٹی میں آگ لگی تھی جس میں ۱۵، ۱۲؍جھوپڑوںکو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ نے وہاں پہنچ کر ۱۲؍ بجکر ۳۳؍منٹ پر آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔اس حادثہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
عارضی رہائش گاہ میں آگ لگنے سے ۲؍مزدور زخمی 
 میونسپل افسرکےمطابق  جمعرات کو  تھانے کے کلوا علاقے کی ایک زیر تعمیر عمارت کے قریب  عارضی رہائش گاہ میں آگ لگنے سے ۲؍مزدور زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ جمعرات کی صبح ساڑھے ۷؍بجے ہوا ۔ تھانے  ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے سربراہ یاسین تڑوی نے بتایا کہ رسوئی گیس کے اخراج کی وجہ سےلگنے والی  آگ سے ۲؍مزدور زخمی ہوگئے ۔ یہ دونوں زیر تعمیر عمارت کے قریب ایک شیڈ میں کھانا پکار رہےتھے۔اطلاع ملنے پر مقامی فائر بریگیڈ کے اہلکار اور آر ڈی ایم سی کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور۳ ؍ منٹ میں آگ پر قابو پالیا۔مصطفیٰ احمد (۱۸)اور مزمل احمد (۲۰) زخمی ہوئےہیں جن کا کلوا سول اسپتال میں علاج جاری ہے۔
گزشتہ رات گرگاؤں علاقے میں آتشزدگی کاواقعہ
واضح رہےکہ منگل کی رات ممبئی کے گرگاؤں علاقے میں ایک رہائشی عمارت کی آٹھویں منزل پر زبردست آگ لگی تھی۔ اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK