کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا دعویٰ ، کہاکہ آنے والے سال میں سرمایہ کاری پائیدار ترقی میں تبدیل ہوگی۔
نئے سال کے موقع پرکرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار افسران کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے جمعرات کو کہا کہ ریاست ملک کی سب سے پرکشش سرمایہ کاری کی منزلوں میں سے ایک کے طور پر ابھری ہے جہاں گھریلو اور غیر ملکی سرمایہ کار انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، بجلی اور صنعتی ترقی کے مواقع کیلئے کرناٹک خصوصاً بنگلور کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
شیوکمار نے۲۰۲۵ء کو ریاست کے لئے ایک کامیاب سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل پالیسی شفافیت، بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور شعبہ جاتی منصوبہ بندی نے ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی میں کرناٹک کو اپنی قائدانہ حیثیت برقرار رکھنے میں مدد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے سرمایہ کار خاص طور پر بجلی کے شعبے اور نئی نسل کی صنعتوں میں اب کرناٹک کے ماڈل کا مطالعہ کر رہے ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے سڑک نیٹ ورک اور آبپاشی نظام میں بڑی تبدیلی آئی ہے جس سے صنعتی توسیع اور شہری ترقی کے لئے مضبوط بنیاد تیار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی ضمانتیں پوری کی ہیں اور انتظامی نظام کو مضبوط کیا ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے شہری نقل و حرکت اور طویل مدتی منصوبہ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ۲۰۲۵ء میں کئی اہم فیصلے کئے گئے اور ان میں سے متعدد ۲۰۲۶ء میں نافذ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نقل و حرکت اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق اقدامات پر تفصیلی معلومات جلد ہی ایک الگ پریس کانفرنس میں شیئر کی جائیں گی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے مستقبل کے بارے میں اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک تیز رفتار ترقی کے مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں آنے والے سال میں سرمایہ کاری روزگار، بنیادی ڈھانچے اور پائیدار ترقی میں تبدیل ہوگی۔ انہوں نے نئے سال مزید سرمایہ کاری کی امید ظاہر کی ہے۔