Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ای ٹی امتحان : برقع اوردوپٹہ پہننے کی اجازت

Updated: June 24, 2026, 3:07 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

سماجی اور تعلیمی تنظیموںکے اعتراض اور وزیر تعلیم کی مداخلت سے ایم ایس ای سی نے مطالبہ مان لیا،یہ امتحان اتوار ۲۸؍جون کو ہوگا ۔

Maharashtra State Shikshak Senakavdaim Giving A Memorandum To The Deputy Commissioner Of SEC.Photo:INN
مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک سیناکاوفدایم ایس ای سی کی ڈپٹی کمشنرکومیمورنڈم دیتے ہوئے۔تصویر:آئی این این
مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل ( ایم ایس ای سی ) کی جانب سے اتوار ۲۸؍جون ۲۰۲۶ء کو منعقدہونے والے ٹی ای ٹی امتحان میں برقع، دوپٹہ ، ٹوپی اور ماسک وغیرہ کےپہننے پر عائد پابندی کے خلاف مختلف سماجی اور تعلیمی تنظیموں کے اعتراض اور ریاستی وزیر تعلیم دادابھُسے کی مداخلت پر ایم ایس ای سی نے اس شرط میں تبدیلی کی ہے ۔ترمیم شدہ ہدایت کے مطابق خواتین اُمیدوار برقع اور دوپٹہ وغیرہ پہن سکتی ہیں لیکن امتحان کے دوران سی سی ٹی وی کیمرے میں ہراُمیدوار کاچہر ہ پوری طرح دکھائی دینا چاہئے ۔اس کے ساتھ ہی کئی نئی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں جن کے مطابق اُمیدوار کو جوتے اور موزے نہ پہننے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔
مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک سینا کے صدر اور ممبئی کے قانون ساز کونسل کے رکن جے ایم ابھینکر نے انقلاب کو بتایاکہ ’’مذکورہ سرکیولر جاری ہونے کے بعد ہم نے ایم ایس ای سی کے صدر ڈاکٹر نندکمار بیڈسے سے ٹیلی فون پر گفتگو کر کے ٹی ای ٹی امتحان میں برقع اور دوپٹہ پر لگائی جانے والی پابندی ختم کرنے کی اپیل کی تھی تاکہ امتحان میں شریک ہونے والی مسلم خاتون اُمیدواروں اور دیگر اُمیدواروں کو پریشانی نہ ہو ۔ انہوں نے مجھے مذکورہ سرکیولر میں تبدیلی کرنے کا یقین دلایا تھا۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’اس ضمن میں ہم نے ایم ایس ای سی کے صدر ڈاکٹر نندکمار بیڈسے ، کمشنر مہیش چوتھے اورڈپٹی کمشنر پریاشندے کو میمورنڈم بھی دیا ہے۔‘‘
 
 
اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے ریاستی جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ ایم ایس ای سی کے مذکورہ فرمان سے بالخصوص مسلم خواتین اُمیدواروں میں بڑی بےچینی پائی جا رہی تھی۔ہم نے ایم ایس ای سی سے اس فیصلہ پر نظرثانی کی اپیل کی تھی۔ علاوہ ازیں اتوارکو ریاستی وزیرتعلیم دادابھُسے سے مالیگائوں میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر کے ٹی ای ٹی امتحان میں شریک ہونے والی مسلم خاتون امیدواروں میں اس تعلق سے پائی جانےوالی تشویش سے آگاہ کیاتھا۔مسئلہ کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے دادابھُسے نے فوری طور پرایم ایس ای سی کے کمشنر مہیش چوتھے سےٹیلی فون پر رابط کرکے معاملے کی فوری جانچ اور مناسب فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر تعلیم کی ہدایت پر امتحانی حکام نے خاتون اُمیدواروں کو حجاب، دوپٹہ، اوڑھنی اور برقع پہن کر امتحان میں شرکت کرنے کی اجازت دی ہے لیکن امتحان کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے امتحان کے دوران کلاس روم میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ہراُمیدوار کا چہرہ مکمل طور پر دکھائی دے،اس شرط کو لازمی قرار دیا ہے تاکہ امتحانی ضوابط اور تحفظ کے تقاضے پورے کئے جا سکیں۔اس اہم پیش رفت سے مسلم خواتین اُمیدوار مطمئن ہیں ۔‘‘
 
 
اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیانے بھی اس تعلق سےایم ایس ای سی سے مذکورہ پابندیاں ہٹانے کامطالبہ کیاتھا ۔ دریںاثناء ایم ایس سی ای نے اس تعلق سے نیاسرکیولر جاری کیاہے جس میں برقع، دوپٹہ اور ٹوپی پر پابندی کے فیصلے کو واپس لے لیا گیاہے لیکن امتحانی ہال میں گردن سے چہرے تک کسی بھی قسم کا کپڑا یا چہرہ ڈھانپنے والی چیز استعمال کرنے پر پابندی برقرار رکھی ہے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK