Inquilab Logo Happiest Places to Work

ای پی ایف کے نئے ضوابط نافذ، ماہانہ ۱۸۰۰؍ سے زیادہ جمع کروانا اب لازمی نہیں

Updated: July 04, 2026, 2:00 PM IST | New Delhi

بیماری، بچوں  کی تعلیم، شادی اور رہائش کیلئے پی ایف نکالنا آسان کردیاگیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این
مرکزی حکومت نے ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) اسکیم ۲۶ء کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ ۱۹۵۲ءکی پرانی اسکیم کی جگہ لے گی۔ نئی اسکیم سوشل سیکوریٹی کوڈ ۲۰۲۰ء کے تحت نافذ کی گئی ہے اور اس کا مقصد نظام کو زیادہ جدید، شفاف اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔ 
نئی اسکیم کے تحت پی ایف میں ملازم اور آجر کی۱۲-۱۲؍فیصد لازمی شراکت کو صرف ۱۵؍ ہزار روپے ماہانہ کی تنخواہ تک لازمی رکھا گیا ہے۔ اس سے زائدتنخواہ پر۱۸۰۰؍ روپے سے زائد پی ایف کٹوانا اختیاری ہوگا جو ملازم اور آجر کی باہمی رضا مندی پر منحصر ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی ملازم زیادہ پی ایف جمع کرانا چاہے تو کمپنی اب قانونی طور پر اس کے مطابق اتنی ہی اضافی رقم جمع کرانے کی پابند نہیں ہوگی۔ اس کا انحصار کمپنی کی پالیسی یا ملازمت کے معاہدے پر ہوگا۔ 
۱۵؍ہزار روپے کی تنخواہ کی حد، اور کم از کم ایک ہزار روپے ماہانہ ای پی ایس پنشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ملازمت کے دوران رقم نکالنے کے قواعد کو آسان بنایا گیا ہے۔ اب بیماری، تعلیم، شادی، رہائش اور دیگر ضروری حالات میں مقررہ شرائط کے ساتھ رقم نکالنے کی سہولت دی گئی ہے البتہ جبکہ ای پی ایف کھاتے میں کم از کم۲۵؍فیصد رقم برقرار رکھنا ضروری ہوگا۔ 
 
 
نئی اسکیم میں آدھار سے منسلک ڈیجیٹل نظام، آجروں پر عائد ہونےوالی نئی ذمہ داریوں اور کنٹریکٹ ملازمین سے متعلق قواعد کو بھی مزید واضح کیا گیا ہے تاکہ ای پی ایف خدمات کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔ نئی اسکیم سے ملازمین کی پنشن اسکیم (ای پی ایس) میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اب آجر کی جانب سے ملازمین کی پنشن اسکیم (ای پی ایس) میں ۸ء۳۳؍فیصد شراکت کو ۱۵؍ہزار روپے کی تنخواہ کی حد تک محدود کر دیا گیا، جس کے مطابق زیادہ سے زیادہ ایک ہزار ۲۵۰؍ روپے ماہانہ پنشن فنڈ میں جمع کئے جاتے ہیں۔ 
کیا تبدیل ہوا ہے؟
(۱) تنخواہ کا ۱۲؍ فیصد پی ایف کی شرط ۱۵؍ ہزار ماہانہ تنخواہ تک محدود کردی گئی ہے۔ 
(۲)۱۵؍ ہزار سے زائد تنخواہ پرملازم چاہے تو اضافی پی ایف جمع کرا سکتا ہے لیکن آجر کیلئے اس کے برابر رقم جمع کرانا لازمی نہیں ہوگا۔ 
( ۳) علاج، تعلیم، شادی، مکان کی خرید یا تعمیر اور دیگر مخصوص ضروریات کیلئے پی ایف وقت سے پہلے نکال سکتے ہیں۔ 
(۴) آدھار، پین اور آدھار سے منسلک بینک اکاؤنٹ کی تفصیل فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ 
(۵) آن لائن دعووں، ای پاس بک، الیکٹرانک فائلنگ اور یونیورسل اکاؤنٹ نمبر (یو اے این ) پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK