سروے میں تصدیق، کانگریس لیڈرمدت اگروال اور سوشل میڈیا انفلوئنسر منیش کشیپ نے بھی شکایت کی مگر حکومت نے صرف مائلیج میں کمی کو تسلیم کیا۔
EPAPER
Updated: July 04, 2026, 1:59 PM IST | New Delhi
سروے میں تصدیق، کانگریس لیڈرمدت اگروال اور سوشل میڈیا انفلوئنسر منیش کشیپ نے بھی شکایت کی مگر حکومت نے صرف مائلیج میں کمی کو تسلیم کیا۔
پیٹرول میں اِتھنال کی ملاوٹ کی وجہ سے گاڑی مالکان میں بڑھتی ہوئی بے چینی کے بیچ مودی حکومت نے بالآخر یہ تسلیم کرلیا ہے کہ اس کی وجہ سے مائلیج میں کچھ کمی آسکتی ہے تاہم صارفین گاڑیوں کے بند پڑ جا نے اور انجن میں خرابی پیدا ہونے کی شکایتیں کررہے ہیں۔ حال ہی میں کئے گئے ایک سروے میں بھی اس کی تصدیق ہوئی ہے۔
انجن اور فیول سسٹم کے پرزوں میں خرابی
ایک نئے سروے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ای-۲۰؍ پیٹرول صرف پرانی گاڑیوں کا مائلیج ہی کم نہیں کر رہا بلکہ ۲۰۲۳ءسے پہلے تیار ہونے والی ایسی پیٹرول گاڑیوں میں، جو ای-۲۰؍ کے مطابق ڈیزائن نہیں کی گئیں کے انجن اور فیول سسٹم خراب ہورہے ہیں اور مرمت کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سروے میں ۳۰۵؍ اضلاع کے۴۴؍ہزار سے زائد گاڑی مالکان نے حصہ لیا۔ ۵۵؍ فیصدنے کہا کہ۲۰۲۵ء کے آغاز سے ان کی گاڑیوں میں معمول سے زیادہ خرابیاں پیدا ہورہی ہیں جبکہ مئی۲۶ء میں کئے گئے سروے میں یہ تناسب۲۹؍ فیصد تھا۔ ۶۶؍ فیصد مالکان نے یہ بھی بتایا کہ ان کی گاڑی کی مائلیج میں ۱۰؍ فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے جبکہ۲۳؍ فیصد نے۲۰؍ فیصد سے زیادہ کمی کی شکایت کی۔
یہ بھی پڑھئے: مائیکروسافٹ میں ۵۵۰۰؍ سے زائد ملازمین کی نوکریاں خطرے میں
گاڑی میں خرابی کی نوعیت
سروے کے مطابق اتھنال نمی جذب کرتا ہے جس سے فیول ٹینک، فیول پمپ، انجیکٹر، لوہے کے پائپ، ربر کی نلیوں، اور بعض پلاسٹک پرزوں پر منفی اثر پڑتا ہے، خاص طور پر ان گاڑیوں میں جو ای-۵؍ یا ای-۱۰؍ فیول کیلئے تیار کی گئی تھیں اور اب ان میں ای -۲۰؍ پیٹرول ڈالا جارہا ہے۔ دوسری جانب حکومتی ادارہ آٹوموٹیو ریسرچ اسوسی ایشن آف انڈیا کا کہنا ہے کہ تجرباتی حالات میں ای-۲۰؍ پیٹر ول سے مائلیج میں صرف ایک سے۶؍فیصد تک کمی آنی چاہیے، تاہم حقیقی تجربات اس سے مختلف ہیں۔
گاڑی بند پڑنے کی متعدد مثالیں
سوشل میڈیا ایسے ویڈیوز اور پیغامات سے بھرا پڑا ہے جس میں لوگ ای -۲۰؍ پیٹرول کی وجہ سے گاڑیوں میں خرابی کی شکایت کررہے ہیں۔ سب سے زیادہ موضوع بحث بننے والے معاملوں میں کانگریس کی دہلی اکائی کے نائب صدر مدت اگروال کا ہے جنہوں نے مرکزی وزیر نتن گڈکری کو ٹیگ کرکے بتایا ہے کہ ان کی محض ۳ء۵؍ سال پرانی اسکوڈا سلاویہ ای -۲۰؍ کی وجہ سے بند پڑ گئی ہے۔ اسی طرح سوشل میڈیا انفلوئنسر منیش کشیپ نے بھی اپنی گاڑی خراب ہونے پر ویڈیو بنا کر ایک انجینئر سے گفتگو کی بنیاد پر بتایا ہے کہ گاڑی خراب ہونے کی وجہ ای -۲۰؍ پیٹرول ہے۔ دوسری طرف مرکزی وزیر برائے پیٹرولیم مصنوعات ہردیپ سنگھ پوری نے یہ تسلیم کیا ہے کہ ای -۲۰؍ پیٹرول سے مائلیج میں کمی ہوسکتی ہے تاہم انہوں نے گاڑیوں میں خرابی کی شکایتوں کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔