• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹھاکرلی فلائی اوور کی تعمیر کو ہری جھنڈی،۱۰؍ سال پرانا تنازع ختم

Updated: September 11, 2026, 10:56 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Thakurli

۷؍نجی جائیدادوں کا مسئلہ حل، اس منصوبے کے مکمل ہونے اور علاقے کے شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

Incomplete bridge near Thakurli Railway Station. Photo: Inquilab.
ٹھاکرلی ریلوے اسٹیشن کے قریب ادھورا بریج۔ تصویر:انقلاب

ٹھاکرلی میں برسوں سے التوا ءکے شکار اہم ٹریفک منصوبے  سے متعلق بڑی پیش رفت  ہوئی ہے۔ ڈومبیولی اور ٹھاکرلی کے درمیان مجوزہ متوازی فلائی اوور کی راہ میں حائل نجی اراضی کا تنازع بالآخر پرامن طریقے سے حل کر لیا گیا ہے۔اراضی مالکان کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد محکمہ ٹاؤن پلاننگ نے باقاعدہ سروے کا آغاز کر دیا ہےجس کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگلے دو ماہ کے اندر تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: یمن: فوجی کشیدگی کے نتیجے میں ایک ہی دن میں ۱۴۰۰؍ خاندان بے گھر

واضح رہے کہ ٹھاکرلی ریلوے پھاٹک کو مستقل طور پر بند کرکے مشرق و مغرب کے درمیان ٹریفک کی روانی کو بلارکاوٹ یقینی بنانے کے مقصد سے ریلوے اور کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) نے مشترکہ طور پر ۲۰۱۶ ءمیں اس فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ریلوے ٹریک کے اوپر بریج کی تعمیر تو مکمل کر لی گئی لیکن ٹھاکرلی چوک کے قریب متوازی پل کیلئے درکار زمین کا حصول رکاوٹ  بن گیا۔ اگرچہ بی ایس یو پی اسکیم کے تحت متاثر ہونے والے ۸۶ ؍مکینوں کی اراضی انتظامیہ پہلے ہی تحویل میں لے چکی تھی لیکن ۷ ؍ نجی جائیدادوں اور عمارتوں سے متعلق پیچیدہ تنازعات حل نہ ہوسکے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:ڈومبیولی میں دودھ ڈیری پر ایف ڈی اے کی کارروائی

اراضی کے مالکان اور مکانات کے مالکان الگ الگ ہونے کے باعث پیدا ہونے والے تنازع کو حل کرنے کے لئے انتظامیہ نے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی جس میں ٹرانسفر ایبل ڈیولپمنٹ رائٹس ( ٹی ڈی آر) کے قواعد واضح کئے گئے۔اس کے تحت اراضی مالک پوری جگہ خالی کر کے انتظامیہ کے سپرد کرتا ہے تو اسے دوگنا ٹی ڈی آر دیا جائے گا۔مکمل جگہ فوری خالی نہ ہونے کی صورت میں ساڑھے بارہ فیصد ٹی ڈی آر کے علاوہ پلاٹ پر موجود تعمیر شدہ مکان کے لئے علاحدہ معاوضہ فراہم کرنے کی شق رکھی گئی ہے۔ عیاں رہے کہ ٹھاکرلی فلائی اوور کا مسئلہ گزشتہ کئی برس سے مقامی سیاست بالخصوص شیو سینا( شندے) اور بی جے پی کے مابین شدید بحث و تکرار اور الزام تراشیوں کا مرکز بنا رہا۔ عوامی حلقوں کی جانب سے ۲۰۱۳ ءسے تعطل کا شکار زمینی پیمائش کے عمل پر کارپوریشن کی سست روی پر سخت سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔اب میونسپل کارپوریشن کے نوٹس میں معاملہ آنے کے بعد ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ نے ٹی ایل آر سروے کا عمل باضابطہ شروع کر دیا ہے جس سے اس دیرینہ منصوبے کے مکمل ہونے اور علاقے کے شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK