سانگلی سے لایا گیا۵۰۰ ؍لیٹر ملاوٹ شدہ کھلا دودھ ضبط، ۴۹۸ ؍لیٹر دودھ موقع ہی پر تلف کردیا گیا۔
EPAPER
Updated: September 11, 2026, 10:52 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Dombivli|
سانگلی سے لایا گیا۵۰۰ ؍لیٹر ملاوٹ شدہ کھلا دودھ ضبط، ۴۹۸ ؍لیٹر دودھ موقع ہی پر تلف کردیا گیا۔
شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرتے ہوئے غذائی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف’ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ‘(ایف ڈی اے) نے کارروائی تیز کردی ہے۔ اسی سلسلے میں ڈومبیولی میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے ایک دودھ ڈیری پر چھاپہ مار کر سانگلی سے فروخت کے لئے لایا گیا ۵۰۰ ؍لیٹر مشتبہ ملاوٹ شدہ کھلا دودھ ضبط کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ایف ڈی اے کے کمشنر تکارام منڈےکی جانب سے محکمہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ضروری اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی ہے، کلیان اور ڈومبیولی شہر میں بھی دودھ اور مختلف غذائی اشیاء میں مبینہ ملاوٹ کی شکایات کے پیش نظر ایف ڈی اے نے ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا ہے ،اسی مہم کے تحت بدھ کی شام مخبر سے موصول ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر ایف ڈی اے کے فوڈ سیفٹی افسران مہندر کوڈگ اور راجندر کڑدک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈومبیولی مغرب کے بھوئیر نگر علاقے میں واقع نو دُرگا دودھ ڈیری پر چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی تقریباً شام ساڑھے ۵؍ بجے کی گئی۔ کارروائی کے دوران ڈیری میں سانگلی سے لایا گیا تقریباً ۵۰۰ ؍لیٹر کھلا دودھ پایا گیا جسے دیگر دودھ ڈیریوں کو فروخت کیا جارہا تھا۔دودھ مشتبہ طور پر ملاوٹ شدہ ہونے کے سبب ایف ڈی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ۴۹۸ ؍لیٹر دودھ تلف کردیا۔
یہ بھی پڑھئے:’’ایران کے ساتھ کھڑے ہوں، اسرائیل کو ہتھیار دینا بند کیا جائے‘‘
تفتیش کے دوران ڈیری مالک کے پاس دودھ کی فروخت سے متعلق ضروری رسیدیں بھی موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا جبکہ دودھ فروخت کرنے کالائسنس بھی موجود نہیں تھا۔ایف ڈی اے نے دودھ کے نمونے حاصل کرکے انہیں مزید سائنسی جانچ کے لئے باندرہ میں واقع اپنی تجربہ گاہ بھیج دیا ہے۔ایف ڈی اے کے فوڈ سیفٹی افسر راجندر کڑدک نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دودھ کے نمونوں کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔یادر ہے کہ ایف ڈی اے کی جانب سے گزشتہ چند دنوں کے دوران کلیان اور ڈومبیولی میں ملاوٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی میں تیزی آئی ہے۔ دو روز قبل ہی کلیان کی ایک بیکری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بیکری کے گودام میں غیر قانونی طور پر لکڑیاں جلا کر بھٹی چلانے کے معاملے میں اسے سیل کیا گیا تھا۔ اب ڈومبیولی کی دودھ ڈیری پر ہونے والی کارروائی سے غذائی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف ایف ڈی اے کے سخت تیورواضح ہوگئے ہیں۔