Inquilab Logo

تھانے:گھوڑبندرروڈپرگڑھوں کیخلاف انوکھااحتجاج

Updated: October 01, 2022, 9:59 AM IST | Mumbai

ایم این ایس نے تصاویراتارکر البم بنایا اور دن ، وقت اورجی پی ایس لوکیشن کے ساتھ پی ڈبلیوڈی کو پیش کیا، محکمے نے اس کا نوٹس لیا ، کہا :ان گڑھوں کو بھرنے کا کام جاری ہے

Leaders and workers of YMNS presenting the album of Garadha to the PWD officer.
یم این ایس کے لیڈران اورکارکنان پی ڈبلیوڈی افسر کوگڑھوں کا البم بتاتے ہوئے۔

یہاں کے گھوڑبندر روڈ پر بڑے بڑے گڑھوں کی وجہ سے گاڑی والوں اور مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس کے خلاف تھانے ایم این ایس کے لیڈران اور کارکنان نے اپنی نوعیت کا انوکھااحتجاج کرتے ہوئے ان گڑھوں کا البم بنایا اور نقشے میں اس کے اصل مقام کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے پی ڈبلیوڈی آفس میں پیش کیا۔ اس بارے میں ایم این ایس لیڈر سوپنیل مہندریکر نے کہا کہ تقریباً ۱۰؍ دن قبل  انہوں نے پی ڈبلیوڈی کے افسران سے ملاقات کرکے انہیں ایک ہفتے میں گڑھے کے مسئلے کو حل کرنے کی مہلت دی تھی لیکن حالات جوں کے توں ہیں۔ اس پر پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیوڈی) نے سڑک کے گڑھوں کو بھرنے کیلئے ۵؍ دن کی مہلت مانگی تھی۔
 ایم این ایس لیڈر سوپنیل نے بتایا کہ ’’گھوڑبندر روڈڈھائی ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے ۱۰؍ سال قبل تعمیر کیا گیا تھا ۔ ۱۳؍ کلومیٹر طویل یہ سڑک اہم شاہراہوں کوجوڑتی ہے اور روزانہ یہاں سے  اوسطاً  ۱۰؍ ہزار کے قریب گاڑیاں گزرتی ہیںلیکن گڑھوں کی وجہ سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’۲۴؍ستمبر کو میں گھوڑبندر روڈ پر سفر کررہا تھا تو  دیکھا کہ گڑھے جوں کے توں ہیں۔ میں نے ان گڑھوں کی تصاویر دن ، وقت اور جی پی ایس لوکیشن کے ساتھ اتاریں اور پی ڈبلیو ڈی کے افسر سریش پردیشی  جو  روڈ انچارج ہیں ،کوبھی فون کرکے سڑک کی حالت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا تھا کہ مرمت کا کام جاری ہے لیکن گڑھے اب بھی وہاں موجود ہیں۔‘‘
 سوپنیل مہندریکر کے مطابق گھوڑبندر روڈ پہلے میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کی حدود میں تھا لیکن گزشتہ سال مارچ میں اسے پی ڈبلیو ڈی کے حوالے کردیا گیا تھا جس کے بعد سے اس محکمے کے تحت یہاں کوئی بھی کام نہیں کیا گیا ہے۔ فاؤنٹین ہوٹل پر سڑک کے حصے کی حالت خستہ ہے۔جس طرح سے یہ نظر آتی ہے، ایسا لگتا ہے کہ اس کی مرمت نہیں کی جا سکتی ہے لیکن اسے دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔
 اس بارے میں پی ڈبلیو ڈی افسر سریش پردیشی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم گڑھے بھررہے ہیں اور یہ کام ۵؍ دن میں مکمل ہوگا۔  فی الحال بارش کا سلسلہ رک گیا ہے اس لئے ہم تار روڈ بنارہے ہیں۔ پہلے ہم کولڈمکس اور پیوربلاک کا استعمال کرتے تھے لیکن  اب عدالت نے پیور بلاک کے استعمال پرپابندی عائد کردی ہے۔ ہم  نےفاؤنٹین ہوٹل کے سڑک کے حصے پرکنکریٹ کی گٹر بھی بنائی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارا منصوبہ اس پوری سڑک کوکنکریٹ سے بنانے کا ہے جس میں تقریباً ۹۰۰؍ میٹر کا پہاڑی حصہ بھی شامل ہے اور یہ کام آئندہ ۱۵؍ مہینوں میں کیا جائے گا۔ ہم نے اس کیلئے پہلے ہی  اجازت حاصل کرلی ہے۔ تاہم چونکہ یہاں ہمیشہ ٹریفک رواں دواں رہتا ہے اس لئے ہمیں اس سڑک کا کام کرنے کیلئے بلاک کرنے کی ضرورت ہے۔ اس تعلق سے اجازت حاصل کرنے کی ہماری کارروائی جاری ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK