’ہرہرمہادیو‘ فلم میں تاریخ کومسخ کرنے اور شیواجی مہاراج کی توہین کاالزام لگاتے ہوئے این سی پی کارکنوں کا ہنگامہ۔شائقین سے مار پیٹ کرنے پر پولیس نے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ اور کئی پارٹی کارکنوں کے خلاف معاملہ درج کرلیا۔مظاہرین کے خلاف کارروائی ہو گی: وزیر داخلہ
سنیماگھر میں جتیندراوہاڑ شائقین سے گھرجانے کی اپیل کررہے ہیں۔یہ تصویر وائرل ویڈیو سے لی گئی ہے۔
چھتر پتی شیواجی مہاراج اور افضل کی تاریخ پر مبنی فلم ’ ہر ہر مہادیو‘پر شدید اعتراض کرتے ہوئے این سی پی کے کئی کارکن تھانے کے ویویانا شاپنگ مال میں واقع سنیما ہال پہنچے اور ہنگامہ کرتے ہوئے شو بند کروا دیا۔ اس دوران شائقین کے ساتھ مارپیٹ کا بھی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو ا جس میں رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ بھی مداخلت کرتے نظر آرہے ہیں جس کے بعد پولیس نے جتیندر اوہاڑ سمیت این سی پی کے متعدد ورکروں کے خلاف معاملہ درج کر لیا ۔ اس دوران وزیر داخلہ دیویندر فرنویس نے بیان دیا ہے کہ کسی کو بھی اس طرح جارحانہ طریقے سے احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کارروائی کی جائے گی۔
این سی پی لیڈر جتیندر اوہاڑ اور دیگر مظاہرین کا اعتراض ہے کہ اس فلم میںتاریخ کو مسخ کرکے پیش کیا گیا ہے جس سے شیو اجی مہاراج کی توہین ہوتی ہے ۔اس سلسلے میں جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ ’’ہماری کوشش تھی کہ ہم شو شروع ہونے سے قبل یہاں پہنچیں اور شائقین کو بیدار اس تعلق سے کریں کہ فلم میں شیواجی مہاراج کی غلط تاریخ پیش کی گئی ہے اور اسے بھونڈے انداز میںفلمایا بھی گیا ہے لیکن ہم شو شروع ہونے کے بعد پہنچے۔
ذرائع کےمطابق جتیندر اوہاڑنے اپنے حامیوں کے ساتھ شائقین سے گھر جانے کی اپیل کر تے ہوئے فلم کا جاری شو روکنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد ان کے کچھ کارکنوں نے ۲؍ شائقین کی پٹائی کی۔
بعدازیں مہاراشٹر نو نرمان سینا ( ایم این ایس ) تھانے کے صدر اویناش جادھو اسی شو میں اکیلے آئے۔ انہوں نے دوبارہ شو شروع کروایا۔ انہوں نے کہا کہ میں راج ٹھاکرے کے حکم کے مطابق آیا ہوں۔ اس کے بعد اویناش جادھو نے تمام کارکنوں کو بلایا اور سب کو شو دیکھنے کو کہا۔
جتیندر اوہاڑ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’فلم میں غلط تاریخ دکھائی گئی ہے۔‘‘ یہ بھی کہا کہ’’ انہیں معلوم ہوگا کہ ہم کیا چاہتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ چھترپتی شیواجی مہاراج نے افضل خان کو گود میں لیا، شیواجی مہاراج اور باجی پربھو دیشپانڈے کے بارے میں جو کچھ دکھایا گیا ہے، وہ تاریخ کے مطابق نہیں ہے۔ ہم اکشے کمار کے خلاف نہیں ہیں لیکن چھترپتی شیواجی مہاراج کی لڑائیاں ان کی عمر کے ۱۶؍ سے ۴۶؍ سال کے درمیان لڑی گئی تھیں۔ اکشے کمار کی موجودہ عمر کتنی ہے؟ کیا وہ اس کی شخصیت کے ساتھ انصاف کر سکیں گے ؟شیواجی مہاراج کی تاریخ کو مسخ کیوں کیا جا رہا ہے؟‘‘ جتیندر اوہاڑ کے بقول باجی پربھو دیشپانڈے شیواجی مہاراج کی عزت کرتے تھے۔
ایم این ایس لیڈراویناش جادھو نے کہا کہ سنیما ہال میں آکر شائقین سے مار پیٹ کرنا کہا ں کی تہذیب ہے؟ ہم یہ فلم دیکھنے جا رہے ہیں۔ جتیندر اوہاڑ تہذیب کے بارے میں روزانہ لکھتے ہیں۔ اگر آپ آئین کو مانتے ہیں تو آپ کو کسی کی پٹائی کا حق کس نے دیا؟ جادھو نے جتیندر اوہاڑ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی بار ایک افسرکو پیٹا تھا اور اب سامعین کو مارا ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ احتجاج کرنے کا طریقہ ہوتا ہے۔ آپ کچھ دن پہلے وزیر تھے اور آپ قانون توڑ رہے ہیں۔ مجھے بہت سے لوگوں کے فون آئے۔ اس نے مجھے یہاں کا واقعہ بتایا۔ جادھو نے مزید کہا کہ ’’راج صاحب نے مجھے سامعین کے ساتھ کھڑے ہونے کو کہا تب میں یہاں آیا ہوں۔‘‘
نیوز ایجنسی کی خبر کے مطابق اسی طرح پونے میں بھی مذکورہ فلم کے شو کے دوران مراٹھا تنظیم کے ارااکین نے ہنگامہ کیا۔
دریں اثناء اس واقعہ پر ریاستی وزیر داخلہ دیویندر فرنویس نے کہا کہ’’ اگر آپ کسی سے مطمئن نہیں ہیں تو اس کے خلاف پر امن احتجاج کر سکتے ہیں ۔ احتجاج کرنے کا بھی ایک طریقہ ہوتا ہے۔ کسی کو مار پیٹ کر کے مظاہرہ کرنے کا حق کسی کو نہیں ہے اور اگرکوئی ایسا احتجاج کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘
اس معاملے پر اب سیاست بھی شروع ہوگئی ہے۔فلم کے خلاف این سی پی کے احتجاج پرمہاراشٹر بی جے پی کی خواتین ونگ کی سربراہ چتراواگھ نے کہا کہ’’ اگر اوہاڑ کو یہ پتہ نہیں ہے کہ وہ اقتدار میں نہیں ہیں تو قانون کو انہیں یہ بتاناچاہئے۔‘‘